• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امدادی سامان اور چینی ڈاکٹرز آج پاکستان پہنچیں گے، دفتر خارجہ


ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان سمیت کورونا ماہرین پر مشتمل چینی ڈاکٹروں کی 8رکنی ٹیم پاکستان بھیج رہا ہے جو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق چینی ڈاکٹروں کی یہ ٹیم دو ہفتے پاکستان میں گزارے گی، چینی ڈاکٹرپاکستانی طبی ماہرین کواپنے تجربات کی روشنی میں مشورے دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جین کی جانب سے امدادی سامان خصوصی طیارے سےآج اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے گا،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری خارجہ امدادی سامان وصول کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ چین کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے، چین اب تک کی امداد میں 12ہزار ٹیسٹ کٹس ، 3 لاکھ ماسک ، 10 ہزارحفاظتی سوٹ دے چکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان بھیج رہی ہے۔

عائشہ فاروقی نے بتایا کہ چینی حکومت نے 4 ملین امریکی ڈالر کورونا وائرس کے لیے الگ اسپتال بنانے کے لئے بھی دیے ہیں، سنکیانگ حکومت نے اسلام آباد کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ کو بھی 50 ہزار ماسک فراہم کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ چین سے نجی ذرائع سے ڈونیشن کی رقم بھی پاکستان پہنچ چکی ہے، جبکہ علی بابا فاؤنڈیشن اور جیک ما فاؤنڈیشن نے 50 ہزار ٹیسٹ کٹس اور 5 لاکھ ماسک عطیہ کیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق چین نے خنجراب پاس کے ذریعے 67 ملین روپے کے 2 ٹن ماسک، ٹیسٹ کٹس، وینٹی لیٹر اور طبی حفاظتی لباس بھی مہیا کیے ہیں۔

تازہ ترین