پشاور(این این آئی)سعودی عرب سے واپس آنے والے 2 ہزار 887 افراد کا تاحال سراغ نہیں مل سکا ہے۔دستاویزات کے مطابق غلط ایڈریس اور موبائل نمبرز بند ہونے کے باعث 2 ہزار 887 افراد کو تلاش نہیں کیا جا سکا ، واپس آنے والے 2 ہزار 295 افراد کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سعودی عرب سے 5 ہزار 182 افراد واپس آئے تھے جن میں سے تلاش کیے گئے افراد میں سے 43 میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حال ہی میں بیرون ملک سے لوٹنے والے پاکستانیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ بیرون ملک سے لوٹنے والے پاکستانی صوبائی حکومت کو مطلع کریں، اطلاع ہیلپ لائن 1700 یا ٹول فری نمبر 080001700 پر دی جا سکتی ہے۔محمود خان کا کہنا ہے کہ اطلاع دینے کا مقصد آپ اور آپ کے پیاروں کو کورونا وائرس سے بچانا ہے۔