• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوروناوائرس کے کنفرم اورمشتبہ مریض انتظامیہ اورمحکمہ صحت ڈیل کریگا

لاہور( خصوصی نمائندہ ) کورونا وائر س کے سلسلے میں انتظامی امور، طبی سہولیات کی فراہمی اور سپلائی چین کے جائزے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کورونا وائرس کیخلاف جنگ عوام کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی، اس سلسلے میں عوام کو بھرپور اعتماد دینا ہوگا تاکہ مثبت نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے انتظامی امور، طبی سہولیات اوراشیا ء خورونوش کی فراہمی کیلئے صوبے میں کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ا جلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ آئندہ کوروناوائرس کے مشتبہ یا کنفرم مریض کی نشاندہی پرپولیس کی بجائے صرف انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اہلکار اس کیس کو ہینڈل کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ یا گیا کہ پاور پلانٹس کیلئے تمام لاجسٹکس کی نقل و حرکت کے دوران انتظامیہ سہولت فراہم کرنے کی پابند ہوگی تاکہ بجلی کی پیدا وار متاثر نہ ہو۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ،ا دویات اور طبی آلات لانے لیجانے والی گاڑیوں کو ہر گز نہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیک پوائنٹس پر دشواری سے بچنے یہ گاڑیاں متعلقہ کمپنیوں کے لیٹر ساتھ رکھیں۔ اجلاس میں آٹا، چینی، گندم، دالوں اور گھی کی سپلائی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ ان اجناس کا اضافی کوٹہ تمام ڈویژنوں کو فراہم کر دیا گیا ہے ۔ سیکرٹری انڈسٹر یز نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے میں ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ذخیرہ اندوزوں پرکڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ سیکرٹری پرائمری صحت کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ کورونا وائر س کے کنفرم مریض کے لوگوں سے میل ملاپ بارے جاننے کیلئے کانٹیکٹ ٹریسنگ سٹم متعارف کروایا گیا ہے اوٹریسنگ کے اس عمل میں پی آئی ٹی بی کے علاوہ محکمہ تعلیم کے عملہ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔
تازہ ترین