• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہم قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن سیاست کر رہی ہے، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس جیسے اہم قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن سیاست کر رہی ہے۔

سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں وبائی مرض کورونا وائرس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کی کورونا وبا پر پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش افسوسناک ہے، اپوزیشن کی وبا کے مسئلے پر ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے کی کوشش افسوسناک ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن صرف کھوکھلے نعرے لگا رہی ہے اور عملی طور پر کچھ نہیں کیا، ہم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات اٹھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خا ن نے ہمیشہ مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب گورنرپنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بے قابو ہو چکا ہے، اس کی کوئی سرحد نہیں ہے، یہ وقت سیاست کرنےکا نہیں بلکہ کورونا کے خلاف لڑنےکا ہے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریبوں میں راشن کی فراہمی کے لیے آج روڈ میپ دیں گے، حکومت اکیلےکورونا کو شکست نہیں دے سکتی، عوام متحد ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کو روکنا ممکن نہیں مگر گھر میں رہ کر بچا جا سکتا ہے جبکہ ہر غریب شخص کو راشن کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

چوہدری سرور کا عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غریبوں کوراشن کی فراہمی کے لیے مخیر حضرات کو بھی آگے آنا ہوگا۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور چین کی جانب سے بھیجے گئے طبی سامان سے متعلق چین کا شکری ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں چین کا پاکستان کا بھر پور ساتھ دینے پر شکریہ۔

تازہ ترین