• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران صاحب اپنی نالائقی اور مجرمانہ غفلت ماضی کے حکمرانوں پر نہیں ڈال سکتے، مریم اورنگزیب

عمران صاحب اپنی مجرمانہ غفلت ماضی کے حکمرانوں پر نہیں ڈال سکتے، مریم اورنگزیب  


لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب اور حکومتی ترجمان جھوٹ بول کر اپنی نااہلی ، نالائقی اور مجرمانہ غفلت ماضی کے حکمرانوں پر نہیں ڈال سکتے ،تافتان اور داخلی راستوں پر حکومت کی غفلت ماضی کی حکومتوں کی ذمہ داری نہیں تھی۔ 

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت کے بنائے ہوئے ہسپتال موجودہ حکومت سے مینج نہیں ہو پا رہے۔

عمران صاحب سے وزراء اور حکومتی ترجمانوں تک سب کورونا پہ جھوٹ بول کر قوم سے حقائق چھپا رہے ہیں، پنجاب میں ہسپتالوں کے اندر ناقص انتظامات اور ڈاکٹرز کیلئے حفاظتی کٹس کی عدم دستیابی خطرناک ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومتی ترجمان قوم کی بقا ء کے مرحلے میں تو ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اللہ تعالی سے ڈریں۔

ماضی کے حکمرانوں کے خلاف بیان بازی اور سیاست سے عوام کو کوئی خدمت نہیں ہورہی،ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور نرسز کو حفاظتی کٹس پہنچانا ماضی کے حکمرانوں کی ذمہ داری نہیں۔

عوام کو کورونا سے آگاہی فراہم کرنا ماضی کی حکومتوں کی ذمہ داری ہے؟،قوم کو کورونا میں بچائو کی تدابیر کی حکمت عملی تیار کریں، سیاست بعد میں کریں ۔ 

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹرز اور ہسپتالوں کے انچارج کو حقائق بتانے سے روکنے کا حکومتی حکم نامہ سے حقائق نہیں چھپ سکتے،نواز شریف، شہباز شریف نے جو ہسپتال بنائے موجودہ نااہل حکومت ان کی مینج کر لے تو کورونا پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

اللہ کا واسطہ ہے بیان بازی میں وقت ضائع نہ کریں، عوام کی جان بچائیں ،حکومتی ترجمان کورونا پر حکومتی حکمت عملی اور کرونا کی آگاہی پر بولیں تو عوام کو کچھ فائدہ ہو جائے گا۔

تازہ ترین