• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


معروف اداکارہ ماہرہ خان نے فارغ اوقات میں اپنی مصروفیت سے اپنے مداحوں کو آگاہ کردیا۔

گزشتہ روز پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستان ڈراما انڈسٹری کے ماضی کے مشہور ڈرامے ’آنگن ٹیڑھا‘ کی ایک ویڈیو کلپ شیئر کی جس کے لیے اُنہوں نے لکھا کہ یہ ڈراما میرے فارغ اوقات کی مصروفیت ہے۔


ماہرہ خان نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’جب کالج کی طالبہ بھی تھی تو اُس وقت میں کالج سے واپس گھر آتے ہوئے کچھ چیزیں اپنے ساتھ لے کر آتی تھی۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’اُن ہی چیزوں میں ایک بار میں پاکستان ڈراما انڈسٹری کی تاریخ کے مشہور ڈراما ’آنگن ٹیڑھا‘ کی ڈی وی ڈی لے کر آئی تھی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ ڈی وی ڈی لینے کے بعد میں ہر اتوار کو (اگر میں فارغ ہوتی تھی) یا پھر جب بھی مجھے وقت ملتا تھا تو میں آئس کریم لے کر اپنے گندے صوفے پر بیٹھ جاتی تھی اور پھر یہ ڈراما دیکھتی تھی۔‘

ماہرہ خان نے لکھاکہ ’اُف یہ ڈراما دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوتی تھی، میں بہت ہنستی تھی، مجھے سکون ملتا تھا اور گھر میں ہونے کا احساس ہوتا تھا۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’براہ کرم آپ بھی اِس ڈرامے کو دوبارہ دیکھیں، یہ پاکستان کے بہترین شو میں سے ایک ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ’بشریٰ آپا، سلیم ناصر اور شکیل صاحب۔۔ اِن سب کی کیا ہی بات ہے جبکہ اِس ڈرامے کو تحریر کرنے والے باصلاحیت انور مقصود ہیں۔‘

ماہرہ خان کی اِس پوسٹ پر حریم فاروق نے کمنٹ کرکے ڈرامے کی پسندیدگی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ڈراما ’آنگن ٹیڑھا‘ پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک کی جانب سے 1984 میں پیش کیا گیا تھا، یہ ڈراما 12 اقساط پر مشتمل تھا۔

اِس ڈرامے میں بشریٰ انصاری، سلیم ناصر، شکیل، ارشد محمود اور دردانہ بٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اِس ڈرامے کو خوب پذیرائی بھی حاصل ہوئی تھی۔

تازہ ترین