کورونا وائرس کے درپیش خطرات سے بچاؤ کیلئے بلوچستان کے شہر چمن میں نہ صرف انسدادِ کورونا وائرس اسپرے مہم جاری ہے بلکہ پبلک مقامات پر موبائل واش بیسن بھی نصب کیے گئے ہیں، جبکہ کچرا آبادی سے میلوں دور ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔
کورونا وائرس کے باعث ملک بھر کی طرح بلوچستان کے سرحدی و تجارتی شہر چمن میں ایک ہفتے سے مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے، ایسے میں بازاروں میں رش اور ٹریفک معمول سے کم دکھائی دے رہا ہے۔
انتظامیہ کے احکامات کی روشنی میں تمام تر چھوٹے بڑے کاروباری و تجارتی مراکز، اہم مارکیٹیں، شاپنگ سینٹرز بند ہیں، بیشتر سڑکیں سنسان اور ویران نظر آتی ہیں۔
ضلعی سول و پولیس انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر ذکاء اللّٰہ درانی کی قیادت میں فلیگ مارچ میں لوگوں کو گھروں پر رہنے، بلاوجہ باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
میونسپل کارپوریشن نے چمن شہر میں صفائی ستھرائی کی ٹھان لی ہے، مختلف علاقوں، گلیوں، محلوں، نالوں اور نالیوں کو روزانہ کی بنیادوں پر صاف کرنے کے ساتھ جراثیم کُش اسپرے مہم بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: اسلام آباد میں کورونا سے بچاؤ کیلئے خصوصی اسپرے
میونسپل کارپوریشن کی ہیوی مشینری کی مدد سے کچرا کنڈی کو ٹریکٹروں کے ذریعے آبادی سے میلوں دور ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے چمن شہر کے پبلک مقامات اور سرکاری دفاتر کے باہر موبائل واش بیسن اور صابن رکھ کر شہریوں کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق دن میں کئی مرتبہ 20 سیکنڈز تک صابن سے اپنے ہاتھ دھوتے رہیں، باقاعدگی سے ماسک اور دستانوں کا استعمال کریں تاکہ ممکنہ کورونا وائرس کے خطرات سے بچا جا سکے۔