• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن و امان یقینی بنایا بنایا جائے، ایڈیشنل آئی جی کراچی

کورونا وائرس ایمرجنسی کے دوران کراچی میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کا اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس ہوا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں تینوں زون کے ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز شریک ہوئے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے کراچی پولیس کی ریزرو فورس کو ایکشن کے لیے تیار رکھنا ہوگا۔

کراچی پولیس چیف نے مزید کہا کہ زونل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پی ذاتی طور پر اپنی ریزرو فورس کا معائنہ کریں گے۔ ریزرو فورس میں مناسب ترین افرادی قوت کی شمولیت اور انہیں انسداد فساد سامان فراہم کرنے کو یقینی بنائیں گے۔

کسی علاقے میں اشیاء خور و نوش کی کمی تو نہیں؟ ضلعی ایس ایس پیز اپنے انٹیلیجنس نیٹ ورک کو متحرک کرکے معلومات رکھیں۔ فلاحی تنظیموں کے ذریعے اشیاء کی کمی کا شکار علاقوں میں حکومت کی پالیسی کے تحت راشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ سے بھی درخواست کی جائے گی کہ وہ فوڈ کرائسز کی معلومات اکٹھا کرکے ڈیٹا ضلعی اور زونل سطح پر طور پر شیئر کریں۔ پولیس ان افراد کے خلاف کریک ڈاؤن یقینی بنائے جو اس مشکل وقت میں راشن اکٹھا کرکے مارکیٹ میں فروخت کرنے کا دھندہ کر رہے ہیں۔ 

اس موقع پر کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ  عوام میں شعور اجاگر کریں اور حوصلہ افزائی کریں کہ وہ ایسے غنڈوں کے بارے میں پولیس کو آگاہ کریں تاکہ ایسے افراد کے خلاف موثر کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم اور زائد قیمتوں کا تعین ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے کیا جائے گا۔

لوگوں کو گمراہ کرکے مشتعل کرنے والے شرپسند عناصر پر پولیس نظر رکھے اور کاروائی کریں۔ ضلعی ایس ایس پیز تمام متعلقہ حلقوں کے ساتھ ایسی معلومات شیئر کریں اور امن و امان کی کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بچنے کیلئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ 

پولیس چیف نے کہا کہ لوگوں کے اجتماعات سے بچنے کیلئے پولیس، رینجرز سے ہم آہنگی کرکے کھلی جگہ راشن کی تقسیم کی حوصلہ شکنی کرے۔ راشن کی گھر گھر فراہمی کا ترجیحی طریقہ صبح سویرے چار بجے سے سات بجے تک رکھا جائے۔

انہوں نے چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس افسران کو عوام کے ساتھ شائستہ رویہ رکھنے کے حکم کا اعادہ کیا اور مزید ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ایس ایس پیز چوری کے واقعات سے بچنے کیلئے بازاروں، خریداری کے علاقوں اور بینکوں کی حفاظت کے لئے رات کے گشت اور موثر ناقوں کے لئے جامع منصوبہ تیار کریں، اس سلسلے میں مارکیٹ ایسوسی ایشن سے مشاورت بھی کیا جائے۔ 

تازہ ترین