• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے پاکستان پر بھی وار، 24 گھنٹے میں مزید 6 جاں بحق

کورونا کے پاکستان پر بھی وار، 24 گھنٹے میں مزید 6 جاں بحق


کراچی، لاہور،اسلام آباد، کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ، جنگ نیوز، خبر ایجنسیاں) پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے مزید 7افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 35ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2401تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 11خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

پاکستان میںبروز جمعرات کورونا وائرس کے 173کیسز رپورٹ ہوئے اور 7ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 3، سندھ میں 2، پنجاب اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ، گزشتہ روز پنجاب میں 75کیسز ایک ہلاکت، سندھ میں 34کیسز 2 ہلاکت، خیبرپختونخوا 58کیسز 2ہلاکت، گلگت 3 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں۔ 

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بروز جمعرات صوبے میں 2 مزید ہلاکت کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 11ہوگئی ہے۔

صوبائی وزیر سندھ نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو 28 مارچ کو حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیاجب کہ انتقال کرنے والا مریض تبلیغی جماعت کا رکن تھا۔

دوسری ہلاکت کراچی میں ہوئی جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض انتقال کرگیا۔عذرا پیچوہو کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والا 86 سالہ شخص سماجی رابطے سے متاثر ہوا، مریض یکم اپریل کو اسپتال میں داخل ہواجہاں اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور جمعرات کو وہ چل بسا۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت کی سمری کےمطابق سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔سمری کے مطابق کراچی میں 17، حیدرآباد 9، شہید بے نظیر آباد 6 اور جامشورو میں 2 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ تمام کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق سندھ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 54افراد متاثر ہوئے جبکہ 9 مریض صحت یاب ہوگئے جنہیں گھر روانہ کر دیا گیا، کراچی میں 29، حیدرآباد میں 9، سکھر میں 8، شہید بے نظیر آباد میں 6 اور جامشورو میں 2 افرادمیں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 761 ہوگئی ہےجن میں سے کراچی میں 336 ، حیدرآباد میں 137، شہید بے نظیر آباد میں 6، سکھر میں 273، لاڑکانہ سے 7، دادو میں 1 اور جیکب آباد سے 1 کیس شامل ہے ۔ 

دوسری جانب جمعرات کو کورونا وائرس میں مبتلا 9 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جن میں سے 7 کا تعلق کراچی جبکہ 2 کا سکھر قرنطینہ میں رکھے گئے زائرین سے ہے ۔ 

ان 9افرادکے بعد سند ھ میں کورونا وائر س سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد 65 ہوگئی ہےجن میں سے 39 کا تعلق کراچی، 1 کا حیدرآباد اور 25 کا سکھر سے ہے۔

کورونا وائرس میں مبتلا سندھ بھر میں 686 مریض زیر علاج ہیں۔ سندھ میں رپورٹ ہونے والے 416 افراد میں کورونا وائرس بذریعہ سماجی رابطہ سے منتقل ہوا ہے۔ 

سندھ بھر میں 7 ہزار 504 کرونا کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز کورونا کے 58کیسز اور مزید 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 311 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 3 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں، ایک کا نوشہرہ اور ایک کا بونیر سے ہے۔صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

پنجاب میں جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 75کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ لاہور میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 اور مجموعی کیسز 920 ہوگئے ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے پنجاب میں آج ایک اور ہلاکت کے بعد مجموعی طور پر 11 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا۔

تازہ ترین