• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبلیغی جماعت کے بھائی حکومت کی ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل کریں، ناصر شاہ

تبلیغی جماعت کے بھائی حکومت کی ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل کریں، ناصر شاہ


وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت ہم ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں، اور کورونا وائرس کی وجہ سے بہت ساری مشکلات درپیش ہیں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے تبلیغ دین کے سلسلے میں سندھ آنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ اس وقت کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت سے بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں مودبانہ طور پر گزارش کرتے ہیں کہ جو ہمارے محترم بزرگ، دوست، بھائی تبلیغ  جیسے نیک مقصد کے سلسلے میں سندھ میں آئے ہوئے ہیں۔ اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ان سب سے  گزارش ہے کہ وہ جہاں جہاں ہیں وہیں پر رہیں، اور  حکومت سندھ کی ہیلتھ ایڈوائزری پر مکمل طور پر عمل کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ انتظامیہ کو خصوصی طور پر ہدایات دی ہیں کہ اپنے تبلیغی بھائیوں کا خاص خیال رکھا جائے، اور ان کی ضروریات زندگی، ان کی صحت کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے۔ اور انہیں ہر ممکن طریقے سے سہولتیں فراہم کی جائیں۔ 

وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ میں اس وقت مولانا طارق جمیل اور دیگر علمائے کرام اور علمائے دین کا  بہت شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے آپ  سب سے جو کہا ہے کہ گورنمنٹ کی جو گزارش ہے اس پر عمل کریں۔ آپ سب کا بہت شکریہ، اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے۔ آمین

تازہ ترین