• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپال: انتخابات میں ریپر بالیندر شاہ کو بھاری اکثریت حاصل، اگلے وزیرِ اعظم بننے کیلئے تیار

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

نیپال کے سابق ریپر بالیندر شاہ ملک کے اگلے وزیرِ اعظم بننے کے لیے تیار ہیں، ان کی جماعت راشٹریہ سواتنتر نے حالیہ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کر لی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابقہ حکومت کا تختہ الٹنے والی جنریشن زی تحریک کے بعد نیپال میں ہونے والے پہلے انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا، تاہم ریپر سے سیاست دان بننے والے بالیندر شاہ اور ان کی جماعت نے انتخابات میں غیر معمولی برتری حاصل کی ہے۔

بالیندر شاہ جو عام طور پر بالین کے نام سے جانے جاتے ہیں اور ان کی جماعت راشٹریہ سواتنتر پارٹی (آر ایس پی) نے نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے ان مظاہروں کے بعد منعقد ہونے والے پہلے انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔

ان مظاہروں کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہوئے اور سابقہ حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا۔

آر ایس پی کے سینئر رہنما رمیش پاؤڈیال کا کہنا ہے کہ یہ امید اور تبدیلی کی فتح ہے، جنریشن زی تحریک میں ہلاک ہونے والوں کو اصل خراجِ عقیدت اس کام کے ذریعے پیش کیا جائے گا جو بالیندر شاہ کی قیادت میں حکومت روزانہ انجام دے گی۔

35 سالہ بالین سیاست میں نسبتاً نئے ہیں، تاہم یہ پہلے ہی مضبوط امیدوار کے طور پر ابھر کر سامنے آ چکے تھے، انہوں نے ایک متحرک انتخابی مہم چلائی جس نے بالخصوص نوجوان نیپالیوں میں تبدیلی کی خواہش کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔

واضح رہے کہ انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے، جن میں تناسبی نمائندگی کے ذریعے ملنے والی اضافی نشستیں بھی شامل ہوں گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید