سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی کے بانی و سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 37برسی کے موقع پر ضلع سیالکوٹ میں کارکنوں نے اپنے محددو وسائل میں رہ کر تقریبات کا انعقا د کیا گیا۔ برسی کے حوالے سے ایک بیان میں سابق سٹی صدر زاہد بشیر چوہدری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایک اسلامی اور جمہوری آئین دیا اورقران پاک کی غلطیوں سے پاک اشاعت کے لئے ایک قانون بنایا ۔یہ خدمات ان کی قابل تحسین ہیں۔ انسانی حقوق ونگ کے صوبائی نائب صدر شکیل علوی نے کہا کہ اسلامی سربراہی کانفرنس کے ذریعے امت مسلمہ کو یکجا کر نا ان کی سیاسی بصیرت تھی تاکہ محکومی کی زندگی سے اسلامی ممالک باہر آسکیں مگر بدقسمتی سے یہی چیز ان کی موت کا سبب بن گی۔شیخ محمد سلیم نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قائد نے پاکستان کوتیسری دنیا اور عالم اسلام میں قائدانہ کردار کا حامل ملک بنا دیا جس کو بعد میں آنے والے حکمرانوں نے اپنی نااہلی سے گم کر دیا۔ سیکرٹری اطلاعات ماسٹر محمد شفیع اور میاں اشرف نے کہا کہ شہید بھٹو زندہ بھٹو سے زیادہ طاقتور بن گئے ہیں جسکا ثبوت ہر سال برسی کے موقع پر لاکھوں لوگوں کا گڑھی خدا بخش جا کر عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو آبرو سے زندہ رہنے کا ڈھنگ سکھایا۔ دریں انثا کارکنان نے دعائیہ اور قرآن خوانی کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا ۔