اسلام آ باد(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نازک صورتحال میں بھی حکومت اور اپوزیشن کا اکٹھا نہ ہونا افسوسناک ہے، ملک کے بڑے حصے میں لاک ڈائون، وزیر اعظم کو کچھ پتہ نہیں،بلدیاتی ادارے فعال کئے جائیں،حکومت اور اپوزیشن اپنی اناکے گنبد سے باہر آکر عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھائیں اورحکومت امراء کو سبسڈی دینے کی بجائے عوام کو سبسڈی دے۔ حکومت اب تک اعلانات اور تقریروں پر اکتفا کئے بیٹھی ہے ۔ اس نازک صورتحال میں بھی حکومت اور اپوزیشن اکٹھے نہیں بیٹھ سکے جو افسوسناک ہے۔لاک ڈائون کو دو ہفتے ہونے کو آئے مگر ہسپتالوں میں کورونا سے لڑنے والے ڈاکٹروں تک سامان پہنچا نہ مستحقین کو امداد کا ایک روپیہ ملا۔وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میں لاک ڈائون کے حق میں نہیں حالانکہ ملک کے بہت بڑے حصے میں لاک ڈائون ہے اور بہت سے علاقوں میں نہیں ہے مگر وزیر اعظم کو کچھ پتہ نہیں۔حکومت نے بجلی و گیس کے بلوں کو جمع کرانے میں تین ماہ تک رعایت دینے کاا علان کیاتھا مگر بنکوں کو اس بارے میں گائیڈ لائن نہیں دی جس کی وجہ سے لوگ روزانہ بنکوں کے سامنے قطاروں میں لگے نظرآتے ہیں۔