• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین: کورونا سے ہلاکتیں، 3 منٹ کی خاموشی، پرچم سرنگوں


چین میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاک ہونے والے مریضوں اور طبی عملے کی یاد میں 3 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، چینی صدر شی جن پنگ سمیت چینی قیادت نے بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پورے ملک اور بیرونِ ملک چینی سفارت خانوں اور قونصل خانوں پر جھنڈے سرنگوں کیے گئے، چین نے دنیا کو دہشت زدہ کرنے والی بیماری پر قابو پا کر دنیا کو حوصلہ دے دیا۔

چین میں مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سائرن بجتے ہی جو جہاں تھا، وہیں رک گیا۔

صدر شی سمیت چین کی اعلیٰ قیادت بھی ان افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے موجود تھی جو وبا کا شکار ہوئے۔

اس موقع پر پورے ملک اور بیرونِ ملک چینی سفارت خانوں اور قونصل خانوں پر جھنڈے سرنگوں کر دیے گئے۔

چینی حکومت نے کورونا وائرس کی پیشگی وارننگ دینے والے ڈاکٹر لی وین لیانگ سمیت کورونا کے خلاف جنگ میں ہلاک ہونے والے 14 طبی کارکنوں کے لیے اعزاز کا بھی اعلان کیا ہے۔

حکمراں کمیونسٹ پارٹی نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ ووہان پولیس کے ذریعے ڈاکٹر لی کو ’نامناسب‘ سزا دی گئی۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا، اسپین میں دوسرے روز بھی 900 سے زائد اموات

چینی حکومت نے اعترا ف کیا کہ کورونا کی شدت کم کرنے اور اس کا پھیلاؤ روکنے میں ڈاکٹر لی نے اہم کردار ادا کیا۔

چین میں کورونا وائرس سے اب تک 3 ہزار 326 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 81 ہزار 639 اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 76 ہزار 755 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 331 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

تازہ ترین