• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی پولیس نے شہریوں کی چڑ چڑاہٹ کا علاج ڈھونڈ لیا

بھارت کی ریاست گجرات میں پولیس نے لاک ڈاؤن سے تنگ آئے شہریوں کے لیے موسیقی کی لائیو پرفارمنس کا انعقاد کیا جس میں ایک مقامی گلوکار نے پرفارم کیا۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کی وسترا پور پولیس نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہریوں کی چِڑچِڑاہٹ اور بوریت کو دور کرنے کے لیے ایک انوکھا اقدام اُٹھایا جو علاقہ مکینوں کے چہروں پر مُسکراہٹ لے آیا۔

وسترا پولیس نے احمد آباد کی ایک سوسائٹی میں موسیقی کے ایک لائیو کانسرٹ کا انعقاد کیا جس میں اُنہوں نے مقامی گلوکار کو پرفارمنس کرنے کے لیے دعوت دی اور ساتھ ہی ایک ڈی جے گاڑی کا بھی انتظام کیا جس میں کھڑے ہوکر گلوکار نے اپنی پرفارمنس دی، اُس گاڑی میں موسیقی کے آلات وغیرہ بھی موجود تھے۔

جب مقامی گلوکار نے اپنی پرفارمنس شروع کی تو سوسائٹی کے مکین اپنی بالکونیوں میں آگئے اور گلوکار کی سُریلی آواز سے لطف اندوز ہونے لگے۔

احمد آباد کی سوسائٹی میں لائیور پرفارم کرنے والے مقامی گلوکار نے بھارت کے لیجنڈری گلوکار کشور کمار اور محمد رفیع کے گیت گاکر لاک ڈاؤن کے ستائے بھارتی شہریوں کو خوش کردیا۔

اِس لائیو پرفارمنس کی ویڈیو بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کی۔

بھارتی نیوز ایجنسی نے اِس ویڈیو کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وسترا پولیس کی جانب سے کیے گئے اِس اقدام کے تحت ایک مقامی گلوکار نے احمدآباد کی ایک سوسائٹی میں لائیو موسیقی کی پرفارمنس دی۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھارت میں 21 روز کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

تازہ ترین