• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے‘ میاں اسلم

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دعوئوں اور خطاب کے علاوہ عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے ہیں۔ لاک ڈائون کو دو ہفتے ہو چکے مگر ہسپتالوں میں کورونا سے لڑنے والے ڈاکٹروں تک سامان پہنچا نہ مستحقین کو امداد کا ایک روپیہ ملا۔ وزیراعظم ٹائیگر فورس بنانے کی بجائے بلدیاتی اداروں اور الخدمت فائونڈیشن جیسی تنظیموں کی سرپرستی کریں، 12سو ارب روپیہ ٹائیگر فورس پر لگانے سے خورد برد اور کرپشن کا سیلاب آئے گا، الخدمت فائونڈیشن اب تک 46کروڑ کا خشک راشن مستحقین تک پہنچا چکی، خدمت کمیٹیاں قائم کر کے مقامی طور پر فنڈ جمع کر کے لوگوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون 5کے تحت الخدمت فائونڈیشن ویئر ہائوس کے دورے کے موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، ناظم زون عزیز الرحمن اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی نے اپنے تمام مراکز کو کورونا وائرس سے آگاہی اور عوام کی امداد کیلئے وقف کر دیا ہے۔ ملک بھر میں 5ہزار کمیٹیاں دن رات عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن کے تحت6 ہزار مساجد، مندروں اور جیلوں کی صفائی کی گئی اور سپرے کیا گیا، پانچ سو سے زائد ہیلپ لائن قائم کی گئی ہیں جو دن رات عوام کی مشکلات حل کر رہی ہیں۔ سینکڑوں ڈسپنسریاں، ہسپتال اور تین سو ایمبولینس کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم توبہ و استغفار کرے تو اللہ تعالیٰ بہت جلد اس وباء سے نجات دے دے گا۔
تازہ ترین