• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید3 کیس رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 189ہو گئی۔

صوبائی سیکرٹریٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا ہے کہ آج کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد 189 ہو چکی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے 32 مریض اب تک صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کوئٹہ میں کورونا وائرس کےمصدقہ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جو خطرناک صورتِ حال ہے ۔

انہو ںنے کہا کہ اپریل کے مہینے میں صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، اگر عوام نے لاک ڈاؤن پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا تو صوبائی حکومت کو زیادہ سختی کرنی پڑے گی۔

ترجمان حکومتِ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے 50 ہزار افراد کا ٹیسٹ کرنا چاہتی ہے، لیکن ہمارے پاس صرف 5ہزار افراد کے ٹیسٹ کی گنجائش ہے، ہم نے وفاقی حکومت سے مزید کٹس مانگے ہیں، جونہی ہمیں کٹس ملیں تو ہم ٹیسٹ شروع کر دیں گے۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ماسک، آلات اور دیگر حفاظتی سامان کے لیے چین کو آرڈر دیا ہے، مگر ابھی تک وہاں سے سامان آنے میں مشکلات درپیش ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: دنیا بھر میں کورونا مریض 12 لاکھ سے زائد،اموات 64741

ترجمان حکومتِ بلوچستان کا کہنا ہے کہ حکومت احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کی مدد کرے گی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو احساس پروگرام کا فوکل پرسن بنایا ہے، صوبے میں ایک لاکھ 53ہزار مستحقین کا ڈیٹا موجود ہے دیگر 3 لاکھ افراد کا ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبائی حکومت نے مستحق افراد کے راش پیکیج کی مدد میں70 کروڑ روپے جاری کر دئیے ہیں، پہلے مرحلے میں 1 لاکھ 53 ہزار افراد کو راشن مہیا کریں گے، اب تک ساڑے 7 ہزار خاندانوں تک راشن پہنچا دیا ہے۔

تازہ ترین