• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

28دن کیلئے لاک ڈاؤن یقینی بنائیں، کورونا گرمی میں بھی پھیل سکتا ہے، چینی ماہرین

کورونا گرمی میں بھی پھیل سکتا ہے، چینی ماہرین


لاہور(ٹی وی رپورٹ)چینی ماہرین نے کہا ہے کہ 28دن کیلئے لاک ڈائون یقینی بنائیں، کورونا گرمی میں بھی پھیل سکتا ہے،28دن بعد محتاط انداز میں مرحلہ وار پابندیاں نرم کی جانی چاہئیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چینی ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد نے ملاقات کی جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔چینی ماہرین اور ڈاکٹروں کے وفد کی قیادت چین کے صوبے ارومچی کے ڈاکٹر مامنگ ہوئی نے کی۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عالمگیر وبا کورونا پر قابو پانے کے لئے چینی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس سے نمٹنے کے لئے چین کا ماڈل دنیا کے لئے ایک بہترین مثال ہے۔ 

چینی ڈاکٹر مامنگ ہوئی نے کہا کہ گرمی میں بھی کورونا کے پھیلاؤ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، صرف سماجی فاصلے کورونا وائرس سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ 

اس موقع پر چینی ڈاکٹروں نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے اپنے تجربات بھی شیئر کئے اور کورونا سے متعلق عوام کے تحفظ کے لئے پنجاب حکومت کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔ 

چینی وفد نے کہا کہ ملک میں کم ازکم 28 دن کے لئے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، 28 دن بعد محتاط انداز میں مرحلہ وار پابندیاں نرم کی جانی چاہئیں۔ 

ملاقات میں چینی وفد نے کہا کہ بعض اوقات کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں، زیادہ قوت مدافعت رکھنے والے افراد جلد صحتیاب ہو جاتے ہیں جبکہ معمر افراد اور دیگر بیماریوں میں مبتلا لوگوں کے لئے کورونا وائرس خطرناک ہوسکتا ہے لیکن کورونا وائرس کے شکار مریض کو گھر میں رہنے کی بجائے اسپتال یا قرنطینہ مرکز میں آنا چاہئے۔ 

چینی ڈاکٹرز نے بتایا کہ مریض کی جان بچانے کے لئے انتہائی ناگزیر صورت میں پلازمہ اور 3 اینٹی وائرل ادویات کا استعمال مفید ثابت ہوا ہے۔

تازہ ترین