• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی وجہ سے گندم چینی تحقیقاتی رپورٹ دب سکتی ہے، شیخ رشید

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے گندم اور چینی کے بحران سے متعلق رپورٹ پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث تحقیقاتی رپورٹ دب سکتی ہے، اگر حالات سازگار ہوتے تو کوئی بڑا نتیجہ سامنے آسکتا تھا ، پاکستان میں پہلی بار کسی حکومت نے اپنے مفادا ت کو بالائے طاق رکھ کر فیصلے کئے ہیں ، جب کوئی نتیجہ نکلے گا تب ہی عمران خان کا اقدا م مکمل تصور کیا جائے گا۔ رہنما تحریک انصاف شہباز گل نے کہا ہے کہ ہمارامقابلہ مافیا سے ہے اگر میڈیا ساتھ نہیں دے گا تو ان سے کیسے نمٹیں گے ،میڈیا اپنی طاقت وزیراعظم کے پلڑے میں ڈال دے ، 5؍ سال کام کا موقع دیا جائے۔ دونوں رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہار انٹرویو میںکیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے مزید کہا کہ آٹے ،چینی اور تیل فروخت کرنے والوں کیخلا ف میں نے ماضی میں مقدمات بھی کئے ۔چینی کاکارخانہ سیاستدانوں کے علاوہ کوئی نہیں لگا سکتا ۔ کوئی ایسی سیاسی جماعت نہیں جس میں چینی کے کارخانوں کے مالکان موجود نہ ہوں۔بڑا سوال یہ ہے کہ ملز مالکان کو سبسڈی کس نے دی ہے۔ ای سی سی میں طے ہوا تھا کہ کسی مل کو سبسڈی نہیں دی جائے گی ۔ای سی سی میں آوازاٹھائی کہ کسی نجی مل کے مالک کو فیصلوں کے وقت میٹنگ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہونا چاہئے کچھ لابیزاتنی مضبوط ہیں کہ انہوں نے ای سی سی کی میٹنگ میں بیٹھنے کی کوششیں کیں ۔ انہوںنے مزید کہا کہ عمران خان ایک رپورٹ منظر عام پر لائے ہیں تو اسے منطقی انجام تک پہنچانا بھی ان کی ذمے داری ہے ۔ شوگراورگندم والے ہر حکومت میں شامل رہے ہیں۔کسی میں شرم ہے تو وہ خو د ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرلے اوراگر ان میں انسانیت نہیں تو ان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ۔عمران خان اورواجد ضیا پر کوئی دباوٴ نہیں ڈال سکتا ۔واجد ضیا دوچار کارخانے رکھنے والوں سے ڈرنے والے شخص نہیں ہیں انہوں نے نون لیگ کی حکومت کیخلاف شہادت دی ۔گیند عمران خان کے کورٹ میں ہے اب یہ فیصلہ ہمیں کرنا ہے کہ جب چور ہمارے سامنے آئے تو ہم نے انہیں پکڑ لیا یا چھوڑ دیا ۔چند دن امتحانات کے ہیں جس کے بعد فیصلہ ہوجائے گا ۔شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ مافیا چاہتا ہے کہ مڈل کلاس سیاستدان کبھی اوپر نہ آئے، جب کوئی عام سیاستدان مافیاکیخلاف آواز اٹھاتا ہے تو نشانے پر آجاتا ہے مثلاً شیخ رشید نے اگر گندم اور چینی پر بات کی تو مافیا انتظار کرے گا کہ ان کی وزارت میں کوئی خامی نکالی جائے تاکہ آئندہ شیخ رشید کابینہ یا ای سی سی میں کچھ کہنے کی ہمت نہ کریں ۔میڈیا سے گزارش ہے کہ شفاف تحقیقات کے بعد حکومت اہم اقدامات لے گی اس میں ہماری مدد کی جائے۔ جب کوئی متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا سیاستدان ذراسی غلطی کرتا ہے تو میڈیا کی جانب سے بہت زیادہ تنقید کی جاتی ہے ۔میڈیا کو صحیح اور غلط میں فرق کرنا ہوگا ۔ میڈیا اپنی طاقت وزیراعظم کے پلڑے میں ڈال دے تاکہ ہمارے لئے کام مزید آسان ہوسکے ۔ تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کام کرنے کا موقع دیا جائے کسی کو اسکور برابرکرنے کی کوشش نہیں کرنا چاہئے ۔ وزیراعظم پاکستان کی رہنما ئی میں پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا ۔
تازہ ترین