لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر تشدد اور گرفتاریوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومتی غنڈہ گردی ہے، دنیا میں ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے ،نئے پاکستان کی سرکار انہیں جیل بھجوا رہی ہے ،حفاظتی لباس کے مطالبے پر کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر تشدد حکومتی غنڈہ گردی ہے۔ ڈاکٹروں کو حفاظتی لباس اور آلات فراہم کرنے کی بجائے ان پر تشدد اور انہیں جیل بھجوا دینا کہاں کا انصاف ہے۔ ایک ایسے وقت جب ڈاکٹروں کی ضرورت ہسپتالوں میں ہے انہیں جیل بھجوادیا گیا ۔ پی ٹی آئی حکومت جائز مطالبات پر تشدد اور گرفتاریاں کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔