• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پالپا کا PIA کے ساتھ تنازع پر وزیر اعظم ہاؤس سے رابطہ


پاکستان ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کی جانب سے پی آئی اے کے ساتھ تنازع پر وزیر اعظم ہاؤس سے رابطہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پالپا نے پی آئی اے کے ساتھ تنازع کے معاملے پر وزیر اعظم ہاؤس سے رابطہ کیا ہے جبکہ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے پالپا کو سی ای او پی آئی اے کے ساتھ معاملات حل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پالپا نے وفاقی وزیر غلام سرور خان سے بھی رابطہ کیا ہے جبکہ غلام سرور خان نے پالپا کو سیکریٹری ایوی ایشن کے ساتھ بات چیت کا کہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری ایوی ایشن ناصر حسن جامی سے پالپا اور پی آئی اے کے نمائندوں کے مذاکرات جاری ہیں جبکہ پالپا کا پائیلٹس کے لیے کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات عالمی معیار کے مطابق کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

ترجمان قومی ایئر لائن کے مطابق اب تک پی آئی اے کے چھ ملازمین میں کورنا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، تین پائلٹ، دو فضائی میزبان سمیت ایک ایئر کرافٹ ٹیکنیشن متاثر ہوچکا ہے ۔

پی آئی اے حکام کے مطابق پی آئی اے کے پائلٹ اور فضائی میزبان حفاظتی لباس میں ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جبکہ اسلام آباد سے گلگت اور اسکردو کی پروازوں میں خاص حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی عملے کے لیے حفاظتی کٹس چین سے درآمد کی گئی ہے جبکہ حفاظتی لباس اور دیگر سامان آج پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی کے ذریعے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔

تازہ ترین