کورونا وائرس کے زیادہ سے زیادہ پھیلائو کو روکنے کیلئے کیے جانے والے لاک ڈائون کے پیشِ نظر جہاں دیگر معاملاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور معاشی پہیہ جام ہو کر رہ گیا ہے وہیں نجی تعلیمی ادارے بھی متاثر ہوئے ہیں لیکن چونکہ لاک ڈائون کی وجہ سے ہر شہری کی معاشی سکت براہِ راست متاثر ہوئی ہے اور وہ نجی اسکول میں پڑھنے والے اپنے بچوں کی فیس یکمشت ادا کرنے سے قاصر ہے لہٰذا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نجی اسکولوں کی فیس 20فیصد کم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سینٹرل پی سی آر لیب کے دورے کے بعد میڈیا بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران پنجاب کے نجی اسکول فیس 20فیصد کم اور ماہانہ بنیاد پر وصول کریں گے۔ کوئی نجی اسکول یکمشت ایک ماہ سے زائد فیس وصول نہیں کرے گا، نجی اسکول اساتذہ و دیگر عملے کو ملازمت سے فارغ بھی نہیں کر سکیں گے- اُنہوں نے مزید کہا کہ نجی اسکولوں کے اساتذہ اور دیگر عملے کی ملازمتوں کو تحفظ دیا جائے گا اور اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ موجودہ معاشی صورتحال کے پیشِ نظر یہ وزیراعلیٰ پنجاب کا نہایت احسن اقدام ہے۔ اِس سے جہاں والدین کیلئے بچوں کی اسکول فیس کی ادائیگی آسان ہو گی وہیں لاک ڈائون کے باوجود نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ و دیگر اسٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگی سے اُنہیں کسی معاشی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا لیکن ضرورت اِس امر کی ہے کہ اِس اقدام کو محض زبانی اعلانات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اِس پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے کیونکہ اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ حکومتی احکامات کے باوجود کچھ نجی اسکول موسمِ گرما میں ہونے والی تعطیلات کی فیس یکمشت ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں جس سے کم آمدنی والے طبقے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اُمید ہے کہ وزیراعلیٰ اِس حوالے سے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998