راولپنڈی(ایجنسیاں)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر بلوچستان کے میڈیکل اسٹاف کیلئے کورونا کے حفاظتی لباس سمیت دیگر ضروری سامان بھجوا دیا گیا جبکہ آرمی چیف نے کہا ہے کہ پرعزم جوانوں کے ساتھ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹیں گے اور انشاء ﷲ مشکل کی اس گھڑی میں ہم مزید مضبوط قوم بن کر نکلیں گے‘وباء کے خلاف ہر شہری کا کردار اہم ہے، متحرک نوجوانوں کے ساتھ بہادر قوم وباء کے مقابلے کے لیے تیار ہے‘مشکل کی اس گھڑی میں سب کو صبر کا مظاہرہ اور ثابت قدم رہنا ہو گا، ترقی یافتہ ممالک کو بھی اس وباءسے نمٹنے میں مشکلات درپیش ہیں‘ حکومت پاکستان تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ کور کمانڈرز نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس، طبی عملے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 231ویں کور کمانڈرز کانفرنس منگل کو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کور کمانڈروں نے متعلقہ ہیڈکوارٹرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے کور کمانڈر کانفرنس میں حصہ لیا۔ فورم نے جیو اسٹرٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کے ماحول کا جائزہ لیا جس میں خاص طور پر کوویڈ۔19 سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔ فورم نے ملک بھر میں سول انتظامیہ کےلئے پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی کا جامع جائزہ لیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے جوانوں کی اب تک کی عملی کوششوںکی تعریف کرتے ہوئے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اندرون سندھ کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے کےلئے وسائل کی ترسیل میں زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کریں۔ فورم نے کشمیریوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو بھارتی مظالم کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس وباءکا مقابلہ کرتے ہوئے حق خود ارادیت کےلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔دریں اثناء جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر بلوچستان کے میڈیکل اسٹاف کیلئے کورونا کے حفاظتی لباس سمیت ضروری سامان بھجوا دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آرمیجر جنرل افتخار بابر کےبیان کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن سپاہی ہیں، وائرس سے حفاظت کے پیش نظر بلوچستان کے میڈیکل اسٹاف کیلئے ضروری سامان روانہ کر دیا گیا ہے جس کی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے خصوصی ہدایت کی تھی ۔ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سب کو صبر کا مظاہرہ اور ثابت قدم رہنا ہو گا، ترقی یافتہ ممالک کو بھی اس وباءسے نمٹنے میں مشکلات درپیش ہیں، حکومت پاکستان تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔