• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیفٹ رائٹ سے کچھ نہیں ہوگا، قوم آپریشن کلین اپ چاہتی ہے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نےکہاہےکہ قوم آٹا و چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آپریشن کلین اپ چاہتی ہے تاکہ کرپٹ مافیا عبرت پکڑے۔ملوث لوگوں کی محض نشان دہی کردینے سے بات نہیں بنے گی۔رائٹ کو لیفٹ پراور لیفٹ کو رائٹ پر بٹھالینے سے کچھ نہیں ہوگا۔اسٹیشن کے قریب ریلوے کے دو بڑےہسپتال ہونے کے باوجود ریل کی دو بوگیوں میں قرنطینہ سنٹر بنانے پر ریلوے اور حکومت کی کارکردگی واقعی قابل ستائش ہے۔ٹرین چلتی ہے تو قلیوں اور ریلوے مزدوروں کے گھر کا چولہا جلتا ہے۔دو ہزار قلیوں کو دینے کے لیے بھی حکومت اور ریلوے کے پاس کچھ نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر قلیوں میں راشن اور امدادی رقوم کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئےکیا۔اس موقع پرریلوےپریم یونین کےقائدحافظ سلمان بٹ اورامیرجماعت اسلامی لاہورڈاکٹرذکراللہ مجاہدبھی موجودتھے۔مزدروں ،ریڑھی و رکشہ والوں اور خاص طور پر قلیوں کی طرح دیہاڑی داروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے مگر حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔ عدالت نے بالکل ٹھیک ریمارکس دیئے ہیں کہ اب تک حکومت میٹنگوں اور اعلان کے سوا کچھ نہیں کرسکی۔سینیٹرسراج الحق نے کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر پولیس کے لاٹھی چارج اور تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ کورونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹرو ں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حفاظت کے لیے حفاظتی کٹس اور سامان مہیا کرے۔ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو ،ڈاکٹر اسامہ سمیت اتب تک تین ڈاکٹرزمریضوں کا علاج کرتے ہوئے شہید ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیماری کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں کو ہی حکومت تحفظ نہ دے سکی توعام آدمی کی حفاظت کیا کر ے گی۔
تازہ ترین