• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


جاپان میں مقیم مخیر پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کا سلسلہ جاری ہے جس میں آج معروف پاکستانی کاروباری شخصیت اور سینئر پاکستانی اسد نواز خان نے تین سے چار کروڑ پاکستانی روپے کی مالیت کا اہم طبی سامان جاپان میں پاکستانی سفیر امتیاز احمد کے حوالے کردیا ہے۔

اسد نواز خان کی جانب سے عطیہ کئے گئے سامان میں سترہ وینٹی لیٹرز بھی شامل ہیں جن کی پاکستان میں اشد ضرورت ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد نواز خان نے کہا کہ ان کو اللہ تعالیٰ نے بہت نوازا ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کریں وہ کم ہے جبکہ ان کے والدین کی بھی یہ خواہش تھی کہ پاکسانی قوم کو درپیش اس مشکل وقت میں وہ اپنے پاکستانی بھائیوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں۔

انہوں نے سفیر پاکستان امتیاز احمد اور کمرشل قونصلر طاہر چیمہ کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے وہ یہ سامان پاکستان بھجوانے میں کامیاب ہورہے ہیں۔

اس موقع پر جاپان میں پاکستان کے سفیر امتیاز احمد نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیا ایک ان دیکھے دشمن کا مقابلہ کررہی ہے خاص طور پر پاکستان میں حکومت کورونا سے نمٹنے میں دن رات مصروف ہے جبکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کا کردار قابل فخر ہے جو خود اس مصیبت کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان میں اپنے بھائیوں کو نہیں بھولے اور ان کی مدد کے لیے آگے آرہے ہیں ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسد نواز خان جیسے پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو بڑھ چڑھ کر پاکستانیوں کی مدد کے لیے آگے آرہے ہیں، اسد نواز خان کی جانب سے جو میڈیکل کا سامان جس میں وینٹی لیٹرز، الٹرا ساونڈ، ای سی جی مشینز سمیت کافی سامان شامل ہے۔

اس وقت اس سامان کی پاکستان کو بہت ضرورت ہے ان کی جانب سے کئی کروڑ روپے کا سامان پاکستان روانہ کیا جارہا ہے ایسے پاکستانی مبارکباد کے لائق ہیں اور ہم حکومت پاکستان کی جانب سے ایسے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان میں تعینات کمرشل قونصلر طاہر چیمہ نے کہا کہ اسد نواز خان ایک درد مند پاکستانی ہیں جو اس مشکل وقت میں پاکستانیوں کی مدد کے لیے دل کھول کر امداد کررہے ہیں اور ہم نے کوشش کی ہے کہ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے جلد از جلد یہ سامان پاکستان روانہ کریں تاکہ یہ ہماری قوم کے کام آسکے۔

اس موقع پر سینئر پاکستانی سکندر پسیہ نے کہا کہ اسد نواز خان نے جس طرح پاکستانیوں کے لیے امداد فراہم کی ہے توقع ہے کہ نہ صرف جاپان بلکہ دنیا بھر میں لوگ آگے آئیں گے اور دل کھول کر پاکستان میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کریں گے۔

تازہ ترین