• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: لاک ڈاؤن میں پتنگ بازی کا شوق بے لگام

کراچی: لاک ڈاؤن میں پتنگ بازی کا شوق بے لگام


کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران پتنگ بازی کا شوق بے لگام ہوگیا۔

شہر میں تیز دھار مانجھے کے باعث کئی شہریوں کے گلے کٹنے اور شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

کراچی میں گلی، محلوں اور گھروں کی چھتوں کے ساتھ مصروف شاہراہوں اور پلوں پر بھی پتنگیں اڑائی جارہی ہیں۔

کراچی کی مصروف گزر گاہ لیاقت آباد پل پر یہ مناظر صاف طور پر دیکھے جاسکتے ہیں، دن ڈھلے اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر چڑھ کر شہری پتنگ بازی اور پیچ لڑانے میں مشغول ہیں۔

پتنگ کٹتی ہے تو کانچ سے بنایا گیا مانجھا لہراتا ہوا نیچے آتا ہے اور پھر جو زد میں آئے، اُسے چھری کی طرح کاٹ کر رکھ دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ ڈرتے ڈرتے اس پل کو پار کررہے ہیں۔

سائیکل کو پیڈل مارتے ایک 60 سالہ اخبار فروش کا گزر بھی یہاں سے روز ہوتا ہے، عوام تک خبر یں پہنچانے والے کو ڈر ہے کہیں وہ خود خبر نہ بن جائے۔

پل کی باونڈری پر بچے بیٹھے ہوتے ہیں اور ان کی آنکھیں پینچوں پر لگی ہوتی ہیں کہ جونہی کوئی پتنگ کٹے اور یہ ٹریفک کو خاطر میں لائے بغیر پل کے بیچوں بیچ اسے لوٹنے کے لیے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔

اس مقام پر ڈور پھرنے سے گزشتہ دو دنوں میں دو افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں سے بھی ڈور پھرنے اور لوگوں کے شدید زخمی ہونے کے واقعات ہوئے ہیں۔

پولیس نے کارروائی کرکے تین پتنگ فروشوں کو گرفتار بھی کیا لیکن اس جان لیوا شوق میں کوئی کمی نہیں آئی۔

تازہ ترین