• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو بحال کرنے اور اسلام آباد میں قائم پی ایم ڈی سی کے ہیڈ آفیس کوفوری طور پر کھولنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ پی ایم اے کی جاری پریس ریلیز کے مطابق معزز عدالت نے آج ہی حکم پر عمل درآمد کرنے کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔عدالت نے وزرات صحت کی جانب سے ہیڈ آفیس پر لگائی گئی سیکیورٹی کو بھی ہٹانے کا حکم جاری کیا۔اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے سیکریٹری صحت کو بھی پی ایم ڈی سی کے معاملات میں مداخلت کرنے سے روک دیا ہے ۔ پی ایم اے ، پی ایم ڈی سی کی بندش کے پہلے دن سے ہی اس کی بحالی کے لئے آواز بلند کر رہی تھی ۔ہم پی ایم ڈی سی سے نکالے گئے ملازمین کی بحالی کا مسلسل مطالبہ کر رہے تھے ۔ آج کا دن طبی برادری اور ریگیولیٹری باڈی کے ملازمین کے لئے تاریخی دن ہے ۔ہم تمام ملازمین کو ان کی بحال پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ہم تمام فریقین سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ پی ایم ڈی سی کو آزاد ، خود مختار ، شفاف اور متحرک باڈی بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیںتاکہ ملک میں طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔پی ایم اے ، رجسٹرار پی ایم ڈی سی سے درخواست کرتی ہے کہ ڈاکٹروں کی رجسٹریشن کا عمل ترجیح بنیاد پر شروع کیا جائے۔رجسٹریشن کے ہزاروں کیس التواء کا شکار ہیں تقریباً 15000کے قریب نئے گریجوئٹ اپنی ہائو س جاب شروع کرنے کے لئے عارضی رجسٹریشن کا انتظار کر رہے ہیں ۔پوسٹ گریجوئٹ کرنے والے ڈاکٹروں کو بھی جلد از جلد پوسٹ گریجویشن کی کیٹیگری میں رجسٹرڈ کیا جائے۔ پاکستان میں اور باہر کے ممالک میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی رجسٹریشن کی تجدیداور انہیں گڈ اسٹینڈنگ سرٹیفیکٹ جاری کرنے کا عمل بھی فوری طور پر شروع کیا جائے۔

تازہ ترین