• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، 15 لاکھ متاثر، ہلاکتیں 87 ہزار، ایران نے IMF سے 5 ارب ڈالر مانگ لئے

کورونا وائرس، 15 لاکھ متاثر، ہلاکتیں 87 ہزار


کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلائو تیزی سے جاری، متاثر ہ افراد کی تعداد 15 لاکھ جبکہ ہلاکتیں 87 ہزار سے بڑھ گئیں، ایران کے صدر حسن روحانی نےکورونا سے لڑنے کیلئے آئی ایم ایف سے 5ارب ڈالر کا ہنگامی قرض مانگ لیا ہے، ایران میں کورونا سے ہلاکتیں 4 ہزار ہوگئی ہیں۔

یورپ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 60ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، امریکا میں بدھ کے روز مزید 2 ہزار سے زائد افراد اپنی جان کی بازی ہارگئے جہاں ہلاکتوں کی تعداد14ہزار240 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 4لاکھ18ہزار سے تجاوز کرگئی ، صرف نیویارک میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 779افراد لقمہ اجل بنے جہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد نائن الیون کے حملوں سے تجاوز کرتے ہوئے 4ہزار 111ہوگئی۔

نیویارک میں کیسز کی تعداد بھی چین کے شہر ووہان سے تجاوز کرگئی ہے اور 80ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے ،امریکی سفیر ایلس ویلز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے پاکستانی نژاد امریکیوں کو برادری کی مدد اور آگاہی پھیلانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اسپین میں مزید700کے قریب اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 14ہزار 673ہوگئی ہے ، اسپین میں متاثرہ افراد کی تعداد 1لاکھ 46ہزار 690ہوگئی ہے ،برطانیہ میں ایک ہی روز میں مزید 1ہزار اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 7ہزار 97ہوگئی ہے۔

اٹلی میں مزید 542افراد کورونا سے ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 17ہزار 669ہوگئی ہے ، اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد 1لاکھ 39ہزار 422تک جاپہنچی ہے ، فرانس میں مزید 541افراد کورونا کے باعث چل بسے جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 10ہزار 869ہوگئی ہے ،فرانس میں متاثرہ افراد کی تعداد 1لاکھ 13ہزار ہوگئی ہے۔

جرمنی میں مزید 167افرادکورونا کے باعث اپنی جانوں کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتیں 2ہزار 183ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 1لاکھ 10ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

فلسطینی صحت حکام نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں کورونا وائرس کی ٹیسٹ کٹس ختم ہوگئی ہیں جس کے باعث گنجان آباد علاقے میں وبا پھیلنے کی صورت میں تباہی کا خدشہ ہے۔

فرانسیسی نیوی کا نیوکلیئر طیارہ بردار جہاز چارلس ڈی گالے بندر گاہ پر واپس آرہا ہے جس کی وجہ عملے کے کچھ اراکین میں کورونا وائرس کی علامات پائی جانا ہے۔

محکمہ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز پر موجود 40 افراد کو تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ایک ٹیم مریضوں کے ٹیسٹ کرنے کے لیے روانہ ہو گئی ہے تا کہ وائرس کو جہاز پر پھیلنے سے روکا جا سکے۔

افریقی ملک ایتھوپیا نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا جہاں اب تک کورونا وائرس سے 55 افراد متاثر جبکہ 2 ہلاک ہوچکے ہیں، روس میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔

تازہ ترین