اسلام آباد(مانیٹرنگ سیل)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 25 اپریل تک کورونا اور آٹا چینی بحران پر حکومتی رپورٹ کا فیصلہ ہو جائے گا،عمران خان اور ترین کے تعلقات میں اونچ نیچ ہوئی ، 14 اپریل کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے امکانات کم ہیں،۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 14 اپریل کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے امکانات کم ہیں،لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی 20 سے 22 ٹرینیں فی الفور چلائی جائیں گی، محکمہ ریلوے کو ہر ماہ ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، کورونا وائرس سے بچاوَ کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ریلوے کے تمام اسٹیشنز پر قرنطینہ گیٹ بنائے ہیں، کورونا وائرس سامنے آنے پر مغل پورہ ورکشاپ کو 12 اپریل تک بند کردیا ہے، کیرج فیکٹری سے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو چھٹی دے دی ہے تاہم ریلوے ملازمین کی تنخواہوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ریلوے کے قلی بھی حکومت سے بارہ ہزار روپے لے سکیں گے۔ مال بردار گاڑیاں باقاعدگی سے چل رہی ہیں، فریٹ ٹرین پر لوگوں کے چڑھنے کے واقعات کا نوٹس لے لیا ہے، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کی اہم شخصیت ہیں، ان کا انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی معاملات میں بڑا عمل دخل ہے، میرا خیال ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان فاصلے نہیں بڑھیں گے۔