پشاور(نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے خیبرپختونخوا پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید نے وزیر صحت کو بریفنگ دی۔ تیمور جھگڑا نے کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ تیمور جھگڑا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس ماہ صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد 2 ہزار ٹیسٹ روزانہ سے زائد تک لے کر جائیں گے۔ انہوں نے لیبارٹری میں مسلسل 18، 18 گھنٹے کام کرنے والے عملے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت قابل ستائش ہے۔ وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پبلک ہیلتھ لیبارٹری کو درپیش مسائل حل اور مزید جدید مشینری فراہم کر کے لیبارٹری کی ٹیسٹنگ استعداد میں مزید اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اس وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔ صوبے کے عوام احتیاط برتیں تاکہ صحت عملے پر بوجھ کم ہو۔