پشاور( کرائم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے دو سال سے روپوش راہزنی اور ڈکیتی میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا، قبضے سے 55 ہزار روپے برآمد کر لئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق مدعی مجروح حیات اللہ ولد سپین گل سکنہ لنڈی کوتل حال نور کالونی نے دسمبر 2017 میں تھانہ آغہ میر جانی شاہ پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس سے تین مسلح ملزمان نے 4 لاکھ 80 ہزار روپے نقد ی اور طلائی زیورات چھین لئے جبکہ مزاحمت پر اسے فائرنگ کر کے شدید زخمی کیا۔گزشتہ روز پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ ملزم علاقہ تھانہ آغا میر جانی شاہ کی حدود میں موجود ہے جس پر تھانہ آغہ میر جانی شاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ اور مرکزی ملزم جلال شاہ ولد سید غنی شاہ سکنہ شبقدر حال سواتی پھاٹک کو گرفتار کر لیا۔ جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران راہزنی اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ دوران واردات حیات اللہ کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کر لیا ، اس کے قبضے سے چھینی گئی رقم میں سے 55 ہزار روپے برآمد کر لئے گئے، ملزم نے شریک دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔