• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام رمضان المبارک کی عبادت گھروں پر کریں، آیت اللّٰہ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے عوام سے رمضان المبارک کی عبادت گھروں پر کرنے کی اپیل کردی۔

خبر ایجنسی کے مطابق ٹیلی ویژن پر عوام سے خطاب میں آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عوام سے رمضان المبارک کی عبادات گھروں پر کرنے کی اپیل کی۔

 ان کا کہنا تھا کہ رواں برس ہم سب رمضان المبارک کی اجتماعی عبادات سے محروم رہیں گے لیکن ہم سب کو گھروں پر تنہائی میں کی گئی عبادات کا موقع نہیں گنوانا چاہیے اور ہمیں اپنے گھروں میں اپنے گھر والوں کے ساتھ عبادات کا اہتمام کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ ایران میں آج بھی 117 افراد مہلک کورونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئے۔

ترجمان ایرانی وزارت صحت کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران 117 اموات ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 110 تک پہنچ گئی۔

جبکہ ایک روز میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 634 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ایران میں اب متاثرہ افراد کی تعداد 66 ہزار 220 ہوگئی ہے۔

تازہ ترین