• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الجھنیں ختم‘ وزارت ٹیکسٹائل کا قلمدان عبدالرزاق دائود کے پاس ہی رہےگا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) الجھنیں ختم‘ وزارت ٹیکسٹائل کا قلم دان عبدالرزاق دائود کے پاس ہی رہےگا۔ سیکرٹری وزارت کامرس کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل ڈویژن ، وزارت کامرس میں ضم کی جاچکی لہٰذا اس کا وجود نہیں۔ تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ ارکان کے عہدے تبدیل کیے جانے کے بعد یہ الجھن پیدا ہوگئی تھی کہ وزارت ٹیکسٹائل کا سربراہ کون ہوگا جس کے بعد وزیراعظم سیکرٹریٹ نے وضاحت کی کہ ٹیکسٹائل ڈویژن کو پہلے ہی کامرس ڈویژن میں ضم کیا جاچکا ہے لہٰذا ٹیکسٹائل ڈویژن کی سربراہی وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود کے پاس ہی رہے گی۔ یہ الجھن 7 اپریل، 2020 کو جاری ہونے والے دو مختلف نوٹیفکیشنز کے بعد پیدا ہوئی تھی۔ ان کی نقول دی نیوز کے پاس موجود ہے۔ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن حماد اظہر کا عہدہ تبدیل کرکے انہیں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار بنادیا گیا ہے۔ جس کے بعد دوسرا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ، جس میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے مشیر عبدالرزاق دائود سے ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار کا قلم دان فوری طور پر واپس لے لیا ہے۔ جس کے بعد یہ الجھن پیدا ہوئی کہ وزارت ٹیکسٹائل کا قلم دان کس کے پاس ہوگا۔ حالاں کہ 5 دسمبر، 2019 کو ٹیکسٹائل ڈویژن کو کامرس ڈویژن میں ضم کردیا گیا تھا۔ اس حوالے سے دی نیوز نے سیکرٹری وزارت کامرس سردار احمد نواز سکھیرا سے پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل ڈویژن کو وزارت کامرس میں ضم کیا جاچکا تھا، جس کے بعد اس کا وجود نہیں رہا ہے۔ 5 دسمبر، 2019 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن جس کی نقل دی نیوز کے پاس موجود ہے۔
تازہ ترین