• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹش پاکستانی ڈاکٹر نےپاکستان کیلئے ٹیلی میڈیسن کورونا ہیلپ لائن ڈیزائن کرلی

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) لندن میں ایک برٹش پاکستانی آرتھوپیڈک سرجن سہیل چغتائی نے کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کی پاکستان کیلئے ٹیلی میڈیسن کورونا ہیلپ لائن ڈیزائن کرلی۔ ڈاکٹر سہیل چغتائی نے جنگ کوبتایا کہ انھوں نے ٹیلی میڈیسن کی بنیاد پر کورونا ہیلپ لائن ڈیزائن کی ہے، تاکہ لوگ کورونا کی علامات کے بارے میں مفت طبی مشورے اور ان مقامات پر جانے سے گریز کرنے کے حوالے سے مشورے حاصل کر سکیں جہاں جانے سے وہ وائرس کاشکار ہوسکتے ہیں یا اس کو پھیلانے کا سبب بن سکتے ہوں۔ ڈاکٹرچغتائی نے گزشتہ ماہ لاہور میں پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کی سالانہ کانفرنس کے دوران پریس کانفرنس میں اپنا آئیڈیا پیش کیا، ان کے پیش کردہ آئیڈیا کا ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی توثیق کی۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے اس ہیلپ لائن کا افتتاح کیا اور اس کے بعد سے وہ صوبے کی مختلف یونیورسٹیز میں اس سروس کو توسیع دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ گزشتہ روز ڈاکٹر چغتائی نے ویڈیو لنک کے ذریعے صدر عارف علوی کو اس کی پریزنٹیشن دی۔ عوام ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو ڈاٹ ڈاکٹر 247 پروزٹ کرسکتے ہیں اور اپنے فون یا لیپ ٹاپ پر آن لائن پر کلک کرسکتے ہیں۔ نام اور شہر ٹائپ کرتے ہی پلک جھپکتے لائیو ویڈیو لنک کے ذریعہ ان کا ڈاکٹر سے رابطہ ہوجائے گا، اس پورے عمل میں 5-15 سیکنڈ لگتے ہیں، یہ مشورہ بالکل مفت دیا جاتا ہے، اس لئے مریضوں پر اس کا کوئی بوجھ نہیں پڑتا۔ ویب سائیٹ کے مطابق سانس لینے میں تکلیف یا دشواری سے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈاکٹر خود ہی مریض کا پتہ معلوم کر کے مریض کی جانب سے 1122 پر کال کر کے ایمبولنس کو ان کی قیام گاہ پر بھیج دے گا۔
تازہ ترین