• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سے پاکستان آنیوالوں سے ہوشربا کرائے وصول کرنیکی شکایت

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں سے ہوشربا کرائے وصول کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن نےحکومت پاکستان کے اشتراک سے برطانیہ میں پھنسے ہوئے برٹش پاکستانیوں کو پاکستان واپس لانے کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا لیکن دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ ان پروازوں سے پاکستان آنے کے خواہاں مسافروں سے ہوشربا کرائے وصول کئے جا رہے ہیں، جس سے برطانیہ میں پھنسے ہوئے کم وبیش 10ہزار برٹش پاکستانیوں کی پاکستان واپسی کا مسئلہ اور زیادہ گمبھیر ہوگیا ہے۔ قبل ازیں اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق امور کے وزیر ذوالفقار بخاری نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی علاقے سے لندن تک کا زیادہ سے زیادہ کرایہ 765 پونڈ، مانچسٹر اوربرمنگھم کیلئے پرواز کا کرایہ750 پونڈ ہوگا، اس کے باوجود ٹریول ایجنٹ پاکستان انٹرنینشل ایئرلائنز کے بعض افسران سے مل کر اپنے وطن جانے والے غیر مشتبہ مسافروں سے بہت زیادہ رقم وصول کر رہے ہیں۔ جن لوگوں نے پروازوں کیلئے ٹکٹ بک کرائے تھے لیکن پروازیں بند ہوجانے کی وجہ سے ان کے ٹکٹ منسوخ کردیئے گئے تھے، ان سے وعدہ کیا گیا تھا کہ انھیں اگلی پروازوں میں ایڈجسٹ کردیا جائے گا لیکن ایسا نہیں کیا جارہا ہے اور ان مسافروں کو بھی دوبارہ نئے ٹکٹ بک کرانے کو کہا جا رہا ہے اور وہ جو ٹکٹ پہلے خرید چکے ہیں، ان کے بارے میں غیر یقینی صورت حال پیدا کردی گئی ہے۔
تازہ ترین