کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے آج دوسرے روز بھی سانحہ 9 اپریل کی یاد میں سٹی کورٹ میں وکلاء برادری بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر عدالتوں میں پیش ہوئے کراچی بار کے عہدیداران صدرمنیر اے ملک، جنرل سیکریٹری جی ایم کورائی اور ترجمان انور میمن نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ سیاہ دن کبھی بھولنے والا دن نہیں،چیف جسٹس آف پاکستان سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ اس سانحہ کا نوٹس لیں تاکہ شہید وکلاء کے اہل خانہ کو انصاف مل سکے۔ وکلاء برادری نے جمہوریت کی بحالی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ جمہوریت کی بحالی کا مقصد تھا کہ غریب عوام کو سہولیات مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار وکلاء برادری نے ادا کیا تھا۔ ہم نے ہمیشہ حق وسچ کی آواز بلند کرنے کیلئے جدوجہد کی ہے۔ سانحہ طاہر پلازہ سمیت متعدد وکلاء کے دفاتر نذرآتش کئے گئے تھےاور زندہ جلایا گیا تھا۔