راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) چمن زار کالونی کا دوسرا ٹیوب ویل بھی خراب ہو گیا جس کے باعث ایک بڑی آبادی پینے کے پانی سے محروم ہو گئی، اہل محلہ کے مطابق واسا کے ماتحت چمن زار کالونی کا پہلے ایک ٹیوب ویل خراب ہوا جس کے پائپ پچھلے کئی دنوں سے باہر نکلے پڑے ہیں ، وہ ٹیوب ویل ٹھیک نہیں ہوا تھا کہ اس آبادی کا گزشتہ روز دوسرا ٹیوب ویل بھی جواب دے گیا اس سے ایک بڑی آبادی کیلئے موجودہ لاک ڈائون کے دوران پانی کا حصول مشکل ہو گیا ہے ، اہل محلہ کا کہنا ہے کہ ابھی تو گرمیاں شروع نہیں ہوئیں تو یہ صورتحال پیدا ہو چکی ہے ، گرمیوں میں تو راولپنڈی کی عوام کو پانی کے حصول میں سخت مشکلات ہو سکتی ہیں ، انہوں نے ایم ڈی واسا کی توجہ اس اہم مسئلہ کی طرف دلاتے ہوئے کہا ہے ان دونوں ٹیوب ویلوں کی بحالی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔