• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: لاک ڈاؤن کا 19واں دن، خلاف ورزیاں عروج پر

لاہور: لاک ڈاؤن کا 19واں دن، خلاف ورزیاں عروج پر


لاہور میں لاک ڈاؤن کا 19 واں دن ہے اور اس کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، لاک ڈاؤن کے 19ویں روز انتظامیہ، پولیس اور شہریوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی شہر میں ٹریفک معمول سے بھی زیادہ دکھائی دے رہی ہے، ڈبل سواری کی عیاشی بھی برقرار ہے جبکہ آٹو رکشے، پرائیویٹ گاڑیاں چھوٹی بڑی ہر سڑک پر گھومتی پھر رہی ہیں۔

شہر لاہور میں لاک ڈاؤن پر پنجاب حکومت کے احکامات کے باوجود دکانوں پر رش ہے اور احتیاطی تدابیر کے بغیر خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے، شہر کی بڑی سڑکوں پر پولیس کے بے کا ر ناکے نظر آرہے ہیں اور اہلکار چپ سادھے کھڑے ہیں۔

کچھ اہلکاروں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سفید حفاظتی لباس پہن رکھا ہے،  کچھ سادہ وردی ہی میں موجود ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد بال بچوں سمیت سڑکوں پر گھومتی پھرتی دکھائی دے رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 1705ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 4781 گاڑیاں، موٹر سائیکلز بند کی گئیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے شہرکے مختلف احساس کفالت سینٹرز کا دورہ بھی کیا اور احساس کفالت مراکز پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ ایس پی ڈولفن عائشہ بٹ نے بھی مختلف احساس پروگرام کفالت مراکز کا دورہ کیا اور لیڈی اہلکاروں کو بریف کیا۔

تازہ ترین