کراچی کی گیارہ یونین کونسلز کو سیل کرنے کے نوٹیفکیشن میں سنگین غلطی سامنے آئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کالعدم ٹاؤنز کی یوسیز کو بھی شامل کردیا گیا جبکہ گیارہ میں سے نو یونین کونسلز کے نمبر غلط درج ہیں۔
کراچی کی گیارہ میں سے ایک یونین کونسل کا نام نئی فہرست میں نہیں ہے، جبکہ یونین کونسلز کے نمبر غلط جاری ہونے سے عوام بھی پریشان کا شکار ہیں۔
ڈالمیا کا علاقہ یوسی 23 میں ہے، نوٹیفکیشن میں اسے یو سی 7 ظاہر کیا گیا ہے۔
جمالی کالونی یو سی 24 میں ہے، جسے نوٹیفکیشن میں یو سی 8 ظاہر کیا گیا ہے ، جبکہ گلشن ٹو یو سی 25 کا حصہ ہے اور نوٹیفکیشن میں یو سی 9 کا حصہ بنادیا گیا۔
کراچی کا علاقہ پہلوان گوٹھ یو سی 27 میں ہے، اسے نوٹیفکیشن میں یو سی 10ظاہر کیا گیا ہے۔
گلزار ہجری یو سی 29 میں ہے اور نوٹیفکیشن میں یو سی 12 کا حصہ بنا دیا گیا، جبکہ صفورا یو سی 30 کا حصہ ہے، اسے نوٹیفکیشن میں یو سی 13 کا علاقہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی کا علاقہ جیکب لائن یو سی 10 میں ہے مگر نوٹیفکیشن میں یو سی 9 بتایا گیا، جبکہ جمشید کوارٹر یو سی 13میں ہے اور اسے بھی نوٹیفکیشن میں یوسی 10 کا حصہ بنا دیا گیا۔