• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کا عہدہ ختم کرنے کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کو فارغ کرنے کے بعد ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کا عہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ قومی کرکٹ اکیڈمی کو ہائی پرفارمنس سینٹر بنانے کی تجویز ہے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ،ڈومیسٹک کرکٹ کو چلائے گا۔جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کے معاملات جنرل منیجر ڈومیسٹک جنید ضیاء چلائیں گے۔پی سی بی کے چیف کیو ریٹر آغا زاہد کی جگہ علی رضا صدیقی اس عہدے کی عبوری ذمہ داری نبھائیں گے۔علی رضا نے سووائل سائنسز میں پی ایچ ڈی کر چکے ہیں۔

ان کا شمار پی سی بی کے اعلی تعلیم یافتہ افسران میں ہوتا ہے انہوں نے سبحان احمد کے استعفے کے بعد چیف آپریٹنگ آفسیر کے لئے بھی درخواست دی تھی۔ذرائع کے مطابق قومی اکیڈمی کو جدید ہائی پرفارمنس سینٹر میں ڈھالنے کے لئے پی سی بی نے تیاری مکمل کر لی ہے اس سلسلے میں انگلش ماہر کی رپورٹ کی بنیاد پر کام ہورہا ہے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہاکہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہارون رشید اور آغازاہد کی کئی سال کی محنت اور خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وسیم خان نے کہاکہ جہاں مدثر نذر پہلے ہی مئی میں اپنی روانگی کا اعلان کرچکے ہیں۔

پی سی بی اب اس موقع کو این سی اے اور ڈومیسٹک کرکٹ کی تشکیلِ نو کے لیےاستعمال کرے گا تاکہ ایک مختلف اور مؤثر ہائی پرفارمنس اسٹرکچر قائم کیا جاسکے جو کہ کھیل اور کھلاڑیوں کے معیار میں بہتری لاسکے۔ 

انہوں نے کہاکہ یہ نیا نظام کوچز کی تعلیم اور ان کی قابلیت جانچنے کے علاوہ ہمارے ایلیٹ کوچز کی دوبارہ تربیت میں مدد دے گا، اس کے ساتھ ساتھ یہ بہتر اور مؤثر نظام ہمارے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔

گذشتہ 2 سالوں سے آغا زاہد کے نائب کی ذمہ داریاں نبھانے والے، علی رضا صدیقی اس عہدے کی عبوری ذمہ داری نبھائیں گے۔ دونوں شعبوں کی تشکیلِ نو کا عمل آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا۔

تازہ ترین