لاہور(رپورٹ:محمد صابر اعوان )کورونا لاک ڈائون کے باعث کئی روز سے گھروں میں محصور شہری ذہنی دبائو، چڑچڑا پن، ڈپریشن سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے، اکثر شہری بے خوابی کا شکار ہوکر نیندآور گولیاں کھانے پر مجبور ہوگئے۔
ماہرین نفسیات نے کورونا کی وجہ سے شہریوں میں نفسیاتی عوارض، ذہنی مسائل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں میں آگاہی نہ ہونے پر مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ماہرین نے حکومت کوتجویز دی ہے کہ حفاظتی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئےپارکس، کھیل کے میدانوں کو کھول کرصحت مند سرگرمیوں کی اجازت دی جائے۔
میڈیا پر اس ضمن میں پروگرام ترتیب دیئے جائیں۔ مسلسل لاک ڈائون اور گھروں میں مقید رہنے والے بیشتر شہریوں نے جنگ کو ٹیلی فون کرکے اپنی تشویش اورکورونا کے خوف کے باعث اپنے پیاروں کے بڑھتے ہوئے ذہنی مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔
شہریوں کا کہنا تھا پہلے مہنگائی ،بیروز گاری سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے شہری پریشانی سے دوچار تھےاب مسلسل لاک ڈائون اور کورونا کے خوف نے اس میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔