• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‎وفاقی حکومت کورونا کیخلاف سست روی سےفیصلےکررہی ہے، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ‎وفاقی حکومت کورونا وائرس کیخلاف سست روی سےفیصلےکررہی ہے، جبکہ وفاقی حکومت لاک ڈاؤن کے لیے بھی ٹھوس فیصلہ کرنے میں ناکام نظرآتی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نےکہا کہ وفاقی حکومت صحت کے شعبے میں رقم مہیا کرنے کے لیے بھی تیارنہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں وبا کے تیزی سے پھیلنے کی حقیقت نظر انداز کر رہے ہیں، جبکہ وباء کی تیزی کا احساس نہ ہونے سے ہمیں بروقت ضروری اقدامات میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے ماہرین نے تجویز دی تھی کہ پورے ملک میں سخت اقدامات کیےجائیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم معیشت کو دوبارہ زندہ کر سکتے ہیں لیکن لوگوں کو دوبارہ زندہ نہیں کر سکتے، جبکہ ہم صرف یہ امید نہیں کرسکتے کہ سب خود اچھا ہوجائے گا۔

بلاول بھٹو زردار ی نے کہا کہ ہم نے اپنی تیاری نہ کی تو پاکستان خاموشی سے تباہی کی صورتحال کی طرف جاسکتا ہے اور پاکستان میں صورتحال امریکا اور مغربی یورپ سے بھی بُری ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حفاظتی لباس، طبی عملے اور طبی آلات کی بھی کمی ہے۔

تازہ ترین