اسرائیل میں اپوزیشن جماعتوں کی درخواست پر پارلیمنٹ کا اجلاس آج ہو گا، جس میں اسرائیلی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے قانون پر ابتدائی ووٹنگ کی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے قانون پر ووٹنگ مؤخر کرانے کے لیے مذہبی جماعتوں پر دباؤ بڑھا دیا، اسرائیلی حکومتی اتحاد کے پاس 68 نشستیں ہیں، کم از کم 61 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا قانون صرف ابتدائی مرحلے میں پیش ہو رہا ہے، پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے قانون کے مکمل نفاذ کی مزید 3 مراحل میں منظوری درکار ہو گی۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو کی زیرِ قیادت مخلوط حکومت کا قیام 2022ء کے آخر میں عمل میں آیا تھا۔
فوج میں بھرتی سے متعلق اسرائیلی عدالتی فیصلے پر حکومت اور مذہبی جماعت حریدیم میں تنازع ہے، اسرائیلی سپریم کورٹ نے مزید قدامت پسند یہودیوں کی فوج میں بھرتی کا فیصلہ جون 2024ء میں دیا تھا۔
عدالت نے حکومت کو فوجی بھرتی سے انکار کرنے والے اداروں کی مالی امداد روکنے کا حکم دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حریدیم اور دیگر مذہبی جماعتیں عدالتی فیصلے کے بعد احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔