• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو چین کی تجربہ گاہ میں حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر نہیں بنایا گیا۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی فوج کےچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے کہا کہ کورونا وائرس قدرتی طور پر ہی ماحول میں موجود تھا۔

جنرل مارک ملی مزید کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا میں اس حوالے سے افواہیں موجود ہیں اور قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قیاس آرائیوں کا انٹیلی جنس حکام نے جائزہ لیا ہے اور کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں، ٹھوس شواہد وائرس کے قدرتی ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں 14 اپریل 11 ستمبر جیسا دہشت ناک دن ثابت ہوا ہے، جب کورونا سے ایک ہی روز میں 2 ہزار 407 افراد ہلاک اور مزید 27 ہزار بیمار ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: پاکستان میں 5996 کورونا مریض، اموات 107

امریکا میں 11 ستمبر 2001ء کو طیارہ حملوں سے 2 ہزار 996 افراد ہلاک اور 25 ہزار زخمی ہوئے تھے تاہم اب کورونا وائرس نے وہ تباہی مچائی ہے کہ ایک ہی دن میں اموات کی تعداد ڈھائی ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

امریکا میں کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتیں 26 ہزار 64 ہو گئیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 14 ہزار 211ہو گئی ہے۔

امریکا کے اسپتالوں میں 5 لاکھ 49 ہزار 327افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 13 ہزار 473 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 38 ہزار 820 کورونا مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین