• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انشااللّہ 18 اپریل کو کورونا کو شکست دے دوں گا، سلمان احمد

انشااللّہ 18 اپریل کو کورونا کو شکست دے دوں گا، سلمان احمد


پاکستان کے معروف گلوکار اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد کا کہنا ہے کہ وہ 18 اپریل کو انشااللّہ کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

گزشتہ روز پاکستان کے نامور گلوکار اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں وہ اپنے مداحوں کو اپنی صورتحال اور نیو یارک کی موجود صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں۔

سلمان احمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ’میں نے اپنا قرنطینہ 4 اپریل کو شروع کیا تھا اور اب مجھے قرنطینہ میں رہتے ہوئے 12 دن ہوگئے ہیں۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’قرنطینہ کے دوران مجھے بہت سارے اُتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں ایک دن اچھا محسوس کرتا تھا تو اگلے ہی دن میری پھر سے طبیعت خراب ہوجاتی تھی، کھانسی شروع ہوجاتی تھی اور گلے میں بلغم آجاتی تھی لیکن اللّہ کی مدد سے، آپ سب کی دُعاؤں سے اور جو میں نے خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے اِس سب کے بعد میں انشا اللّہ 18 اپریل کو کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔‘

سلمان احمد نے نیو یارک کے حالات بتاتے ہوئے کہا کہ ’میرے اردگرد نیو یارک میں جو حالات ہیں وہ بہت بُرے ہیں، روزانہ حد سے زیادہ کورونا کے کیسز سامنے آرہے ہیں اور لا تعداد کورونا وائرس کے مریضوں کی اموات ہو رہی ہیں۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’نیو یارک کے حالات دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے قیامت کا منظر ہو، یہاں سڑکیں ویران ہیں، یہ سب دیکھ کر اپنا وطن پاکستان بہت یاد آتا ہے۔‘

آخر میں اُنہوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے قرنطینہ میں اپنا وقت ضائع نہیں کیا بلکہ نوجوانوں کے لیے ترانہ بنایا ہے۔‘

واضح رہے کہ سلمان احمد کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے قرنطینہ میں اپنا وقت گُزار رہے ہیں اور وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو اپنی طبیعت سے آگاہ کرتے نظر آتے ہیں۔

تازہ ترین