• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینجرز، CTD کی مشترکہ کارروائی،2 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار


سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا، گرفتار ملزمان کے سر کی قیمت50، 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔

پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیع اللہ عرف ارشد اور محمد جعفر عرف برکت عرف افتخار کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان کراچی میں عبداللہ دانش، نعیم عرف ماسٹر، عاصم کیپری، اسحاق بوبی، عطاء الرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر عرف بھائی جان کے ساتھ مل کر پاک آرمی، نیوی، رینجرز، پولیس اہلکاروں اور سیاسی فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔

ملزمان کے ماسٹر مائنڈ عطاء الرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر منا عرف بھائی جان پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں، یہ ملزمان انتہائی مطلوب فہرست میں شامل ہیں اور ان کی گرفتاری پر حکومت سندھ نے فی کس 50 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے۔

رینجرز ذرائع کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر دہشت گردی میں استعمال ہونے والا اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سمیع اللہ عرف ارشد کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں 4 رینجرز اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، اس کے علاوہ ملزم نے 2015-2014 میں کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ بھی کی۔

گرفتار ملزم سمیع اللہ 2015میں پاکستان نیوی کے اہلکار سید جعفر رضا شاہ کے قتل میں بھی ملوث تھا، 2015-2014 میں اے این پی کے ذمہ داران ڈاکٹر ضیاء الدین اور حاجی سیف اللہ آفریدی کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق دوسرا گرفتار ہونے والا ملزم محمد جعفر عرف برکت عرف افتخار ہے جو کالعدم تنظیم کی ٹارگٹ کلنگ کے امیر صابر عرف بھائی جان کے حکم پر عبداللہ دانش کے ہمراہ ضلع غربی میں 13 پولیس اہلکاروں، 7 فرقہ وارانہ اور 5 لسانی بنیادوں پر کی جانے والی ٹارگٹ کلنگ کی درج ذیل وارداتوں میں بھی ملوث ہے اور ان تمام وارداتوں کی ایف آئی آر ضلع غربی کے مختلف تھانوں میں درج ہیں۔

ملزم محمد جعفر نے 9اپریل 2015کو عبداللہ دانش اور سمیع اللہ عرف ارشد کے ہمراہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے N-4بس اسٹاپ کے قریب نیوی کے ملازم سید جعفر رضا شاہ کی ٹارگٹ کلنگ بھی کی تھی جبکہ نومبر 2013 میں 4قادیانیوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

ملزم نے 2013میں اے این پی کے ذمہ دار سید لعل درویش کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا تھا، 2013میں اہل تشیع حسن عباس کے قتل میں بھی ملوث رہا ہے۔

رینجرز ذرائع کے مطابق ملزم ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں کے علاوہ ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے، درج بالا ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور مزید اہم انکشافا ت کی توقع ہے۔

تازہ ترین