مسلم لیگ نون کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور صدر مسلم لیگ نون میاں محمد شہباز شریف آج نیب کے روبرو پیش نہیں ہوں گے۔
جاری کیے گئے ایک بیان میں عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی وباء اور لاک ڈاؤن کے پیشِ نظرآ ج نیب میں پیش نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کینسر کے عارضے میں مبتلا رہے ہیں، جس کے باعث کورونا اور لاک ڈاؤن کے حالات میں نیب میں پیش نہیں ہوا جا سکتا۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے بتایا ہے کہ شہباز شریف نے نیب کو اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا ہے، وہ نیب میں متعدد بار پیش ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے تفصیلی اور تحریری جواب بھی جمع کروائے جا چکے ہیں، شہباز شریف 130 دن زیرِ حراست رہے جس میں سے 61 دن نیب کی تحویل میں رہے۔
یہ بھی پڑھیئے: نیب نے شہباز شریف کو کل طلب کر لیا
عطاء اللّٰہ تارڑ نے یہ بھی کہا ہے کہ نیب کے سوالنامے کے حوالے سے شہباز شریف سے دورانِ حراست بھی مکمل تفتیش کی گئی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور صدر مسلم لیگ نون میاں محمد شہباز شریف کو آج نیب نے منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا تھا۔