• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر والوں کیلئے نت نئے کھانے اور مشروبات بنائیں

ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے پیشِ نظر بیشتر افراد زیادہ سے زیادہ وقت گھر پر گزار رہے ہیں۔ ایسے میں مرد حضرات بھی گھریلو کام کاج میں خاتون خانہ کا ہاتھ بٹا رہے ہیں۔ کہیں وہ کھانا بنانے میں خواتین کی مدد کررہے ہیں تو کہیں خود ہی کھانا تیارکررہے ہیں۔ ہم تمام خواتین و حضرات کے لیے چند ایسی ڈیشز کی ریسیپیز لائے ہیں جنہیں نوش کرکے آپ کے گھروالے عش عش کر اُٹھیں گے۔

چائنیز مکس ویجیٹیبل

چائنیز کھانے دنیا کے مقبول ترین پکوانوں میں سے ایک ہیں۔ نوڈلز، چاول اورانڈے چینی کھانوں میں سب سے زیادہ استعمال ہوتے ہیں۔ سی فوڈ اور گوشت کی دیگر اقسام بھی بہت شوق سے کھائی جاتی ہیں۔ ہر طرح کے پکوان کے ہمراہ ساس، سرکہ اور چلی آئل پیش کیا جاتا ہے، تاکہ کھانے کا لطف دوبالا ہوسکے۔ آج ہم چائنیز مکس ویجیٹیبل کی ترکیب آپ کی نذر کررہے ہیں۔

درکار اجزاء

چکن (بون لیس): 250گرام

نمک : حسب ذائقہ

کالی مرچ : آدھا کھانے کا چمچ

سفید مرچ : آدھا کھانے کا چمچ

سویا ساس: دوکھانے کے چمچ

چائنیز سالٹ: دوکھانے کے چمچ

سرکہ: دوکھانے کے چمچ

گاجر: 250 گرام

شملہ مرچ: 250 گرام

پھول گوبھی: 250 گرام

آلو: آدھا کلو گرام

ہری مرچ: دو عدد

لہسن : تین جوے

ادرک: آدھا چائے کا چمچ

تیل: آدھا کپ

ترکیب:

سب سے پہلے چکن میں تھوڑا سا نمک ،لہسن ادرک اور اتنا پانی ڈال کر اُبالیں کہ چکن گلنے تک پانی بھی خشک ہو جائے۔ ساتھ ہی تمام سبزیاں لمبائی کے رُخ کاٹ لیں۔ اسی دوران سبزیوں میں نمک، چائنیز سالٹ ، سویا سوس، سرکہ، کالی اور سفید مرچیں بھی شامل کردیں۔

آخر میں فرائی کی ہوئی چکن اس میں شامل کر کے کچھ دیر کے لئے دَم پر رکھ دیں۔ پھر دوسرے پین میں تیل گرم کرکے اسے ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ گاجر اور آلو سخت ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں اُبال کر تھوڑا سا نرم کرنے کے بعد تمام سبزیوں کے ساتھ فرائی کریں۔

ہرب آملیٹ (مشرومز کے ساتھ)

ناشتہ دن کی خوراک کا ضروری حصہ گردانا جاتا ہے۔ ساری رات خالی پیٹ رہنے کے بعد صبح کا ناشتہ جسمانی قوت کے لیے انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ پوری دنیا کے لوگ اپنی اپنی پسند کے مطابق ناشتہ کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں پاکستان میں طرح طرح کے پکوان ناشتے میں بنائے جاتے ہیں، جن میں پراٹھے، انڈے، نان،چنے ، حلوہ پوری،سری پائے، نہاری، چائے، وغیرہ پسند کئے جاتے ہیں۔

یہ ایسے پکوان ہیں جو اپنے ذائقے کی بناء پر صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا میں مقبول ہوگئے ہیں۔ مگر آج اکثر لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ صرف پاکستانی ہی نہیں مغربی ناشتے بھی ٹرائی کریں۔ مغربی ناشتے میں مختلف طرح کے انڈے، ساسیجز، کافی ، بینز اور پین کیک کھائے جاتے ہیں، جن میں سب سے زیادہ مختلف طرح کے انڈے کھانا پسند کیے جاتے ہیں۔ مغربی طرز کے ناشتوں کی چند ریسیپیز جن میں ہرب آملیٹ (مشرومز کے ساتھ) اور پین کیک شامل ہیں، آپ کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔

درکار اجزاء

زیتون کا تیل: دو کھانے کے چمچ

مشروم سلائسز: آدھا کپ

نمک : حسب ذائقہ

کالی مرچ پاؤڈر : حسب ذائقہ

انڈے : دو عدد

اٹالین ہرب: ایک چوتھائی کھانے کا چمچ

ہلدی: چٹکی بھر

کریم : آدھا کھانے کا چمچ

پارسلے کے پتے: آدھا کھانے کا چمچ (باریک کٹے ہوئے)

تلسی کے پتے: گارنشنگ کے لیے

ترکیب:

ایک چمچ زیتون کے تیل میں مشرومز کو نمک اور کالی مرچ ڈال کر ہلکا فرائی کرلیں۔ انڈوں میں اٹالین ہرب، ہلدی، کریم، نمک اور پارسلے ڈال کر پھینٹ لیں۔ بقیہ زیتون کے تیل کو گرم کرکے اس میں انڈے ڈالیں۔ جب وہ ایک سائیڈ سے پک جائیں تو پلٹ کر دوسری سائیڈ سے پکاکر فولڈ کرلیں۔ انڈے تیار ہونے پر فرائیڈ مشرومز ڈال کر بقیہ پارسلے چھڑکیں اور تلسی کے پتوں سے سجا کر پیش کریں۔

پین کیک

درکار اجزاء

میدہ: ایک پیالی

چینی: ایک چٹکی

نمک: ایک چٹکی

انڈہ : ایک عدد

دودھ یا پانی : ایک پیالی

آئل یا گھی: چار سے چھ کھانے کے چمچ

ترکیب:

سب سے پہلے میدے میں نمک ملا کر چھان لیں اور دودھ، انڈہ شامل کرکے اچھی طرح ملائیں۔ مکسچر نہ زیادہ گاڑھا ہو اور نہ پتلا، پھر اس میں چینی بھی ڈال دیں۔ فرائنگ پین کو آئل سے اچھی طرح چکنا کر کے ہلکی آنچ پر گرم کر یں۔ درمیانے سائز کی پیالی میں آمیزہ لے کر فرائنگ پین میں ڈالیں۔ ہینڈل پکڑ کر گھماتے رہیں تاکہ آمیزہ برابر آجائے۔ اسے ہلکی آنچ پر پکنے دیں اور جب کناروں سے چھوڑنے لگے تو صاف برتن میں ڈال لیں۔ پین کیک کو شہد ، مختلف قسم کے جام اور شیرے میں پکے تازہ پھل کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔

بوسٹن کریم ڈونٹس

ہمارے یہاں بچے اور بڑے سب ہی ڈونٹس خوب شوق سے کھاتے ہیں۔ چاکلیٹ اور بوسٹن کریم ڈونٹس بچے خاص طور سے پسند کر تے ہیں۔یہ بطور سنیکس شام کی چائے کے ساتھ خوب ذائقہ دیتے ہیں۔ ڈونٹس کو ڈو سے تیار کیا جاتا ہے اور ان کو من پسند مٹیریل سے بھر کر بیک کیا جاتا ہے۔ انہیں گھر پر بھی بآسانی تیار کیا جاسکتا ہے۔ میٹھے میں کئی طرح کے چاکلیٹ ،کوکونٹ اورکریم ڈونٹس بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ آج ہم آپ کے لیے ہر دلعزیز بوسٹن کریم ڈونٹس کی ریسیپی لائے ہیں۔

درکار اجزاء

میدہ: ایک کلوگرام

انڈے: چار عدد

مکھن: 200 گرام

پاؤڈر کا دودھ: 100 گرام

نمک: دو چائے کے چمچ

خمیر: دو کھانے کے چمچ

کاسٹر شوگر: 100 گرام

ونیلا کریم کے لیے

دودھ: ایک کپ

کسٹرڈ پاؤڈر: دو کھانے کے چمچ

کاسٹر شوگر: دو کھانے کے چمچ

کریم: دو کھانے کے چمچ

ونیلا ایسنس: چند قطرے

چاکلیٹ سوس کے لیے

آئسنگ شوگر: ایک کپ

کوکو پاؤڈر: دو کھانے کے چمچ

مکھن: ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

تمام اجزاء کو مکس کرلیں اور پھر گوندھے ہوئے آٹے کے پیڑے بنا لیں۔ اس کے بعد انہیں پھولنے (Rise) ہونے کے لیے رکھ دیں۔ آدھے سے ایک گھنٹے بعد کڑاہی میں ڈونٹس کو ڈیپ فرائی کرلیں، پھر درمیان میں سے کاٹ کر اندر ونیلا کریم بھر دیں۔ اوپر سے چاکلیٹ سوس لگا کر گھروالوں بالخصوص بچوں کو پیش کریں۔

گول گپے

چند کھانے ایسے ہیںجنہیں دیکھ کر ہی منہ میںپانی آنے لگتا ہے گول گپے یا پانی پوری بھی انہی میں سے ایک ہے۔ برصغیر میں گول گپے پسندیدہ اسنیکس ہیں جو بالخصوص شام کے وقت نہایت شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ مختلف حصوں میں اسے مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے جیسے کہ پھولکی، گول گپے یا پانی پوری جبکہ ٹکی ، پھچکا، گپ چھپ اور پانی کے پتاشے بھی اس کے دیگر نام ہیں۔

یہ برصغیر کے مختلف علاقوں میں گلی محلوں کے کھانوں کے طور پر بےحد مقبول ہے جب کہ آجکل اسے ریستورانوں کے کھانوں کی فہرست میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ عام طور پر آٹے یا میدے کی مدد سے ایک گو ل پھولکی بنائی جاتی ہے جس میں کھٹا پانی، چنے اور دہی بھلے شامل کر کے کھایا جاتا ہے۔ 

اس کا کھٹا پانی سب ہی بہت شوق سے پیتے ہیں، جو کھٹا ہونے کے ساتھ ساتھ تیکھا بھی ہوتا ہے۔ گول گپوں کی سجاوٹ بھی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ ایک پلیٹ میں گول گپوں میں سوراخ کر کے بھلیوں یا چنے کو بھرا جاتا ہے۔ بعض افراد چنے اور چاٹ الگ سے رکھ دیتے ہیں تاکہ کھانے والے اپنی مرضی سے ڈال کر کھا سکیں جب کہ ان کے ساتھ چٹنیوں اور کھٹے پانی کی پیالی بھی رکھی جاتی ہے جس سے گول گپے کھانے کی اشتہامزید بڑھ جاتی ہے۔ کئی لوگ اس میں انار کے دانے، مکئی ، آلو اور مختلف سبزیاں بھی شامل کر کے کھاتے ہیں۔ گھر میں پانی پوری بنانے کی آسان ترکیب قارئین کی نذر ہے۔

درکار اجزاء

کھٹےپانی کے لئے:

پودینہ: ایک کپ

ہری مرچ: دو سے چار عددیا حسب ذائقہ

لیموں کا جوس: تین کھانے کے چمچ

چینی: ایک کھانے کا چمچ یا حسب ذائقہ

نمک: ایک چائے کا چمچ یا حسب ضرورت

کالا نمک: ایک چائے کا چمچ

ادرک پاؤڈر: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ہینگ: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر: ایک کھانے کا چمچ

کالی مرچ: آدھا چائے کا چمچ

پانی: چار کپ یا حسب ضرورت

پوری کے لئے:

میدہ: ایک چوتھائی کپ

سوجی: تین چوتھائی کپ

پانی: آدھا کپ یا حسب ضرورت

تیل: فرائی کرنے کے لئے

فلنگ کے لئے :

آلو اُبلے ہوئے: ایک کپ

بوندی: دو کپ

گول گپے کی ترکیب۔

سب سے پہلے سوجی اور میدہ مکس کرلیں۔ پھر ڈو میں حسبِ ضرورت پانی شامل کرتے رہیں اور اسے اچھی طرح گوندھ لیں۔ اب اسے گیلے کپڑے سے دس منٹ کے لئے ڈھانپ دیں۔ دو صاف تولیے لے کر ایک کو شیٹ پر یا کسی ہموار سطح پر بچھا دیں۔ ڈو کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں اور انہیں کپڑے سے ڈھانپ دیں۔ ہر پیڑے کو دو انچ کے قطر والے دائرے میں رول کریں۔ اب انہیں ایک تولیے پر رکھ کر دوسرے سے ڈھانپ دیں۔ یہی عمل تمام گول گپوں کے ساتھ دہرائیں۔

اس کے بعد درمیانی آنچ پر تیل گرم کریں۔ تیل کی مقدار فرائنگ پین میں ڈیڑھ انچ تک ہونی چاہیے۔ گرم گرم تیل میں ڈو کا ایک ٹکڑا ڈالیں، اگر تیل پوری طرح تلنے کے لئے تیار ہوجائے تو گول گپے تلنا شروع کردیں اور گولڈن براؤن ہونے تک تَل لیں۔ جب ان کی رنگت گولڈن براؤن ہو جائے تو انہیں پیپر ٹاول پر نکالتے جائیں۔ اس طرح سے ان کا تیل پیپر میں جذب ہوتا رہے گا۔ گوپ گپوں کو فرائنگ پین سے نکالتے وقت اچھی جھٹک لیں تاکہ تیل نکل جائے۔

تازہ ترین