• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: 1 دن میں کورونا سے ڈھائی ہزار ہلاکتیں

امریکا بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 2 ہزار 539 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

مہلک وائرس سے صرف نیویارک میں 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

نیویارک میں مریضوں کی تعداد سوا 2 لاکھ اور ریاست نیو جرسی میں 78 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کسانوں کے لیے 19 ارب ڈالر کے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران ریلیف پیکیج سے مشکلات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتیں 37 ہزار 175 ہو گئی ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 10 ہزار 272 ہو گئی ہے۔

امریکا کے اسپتالوں میں 6 لاکھ 9 ہزار 587 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 13 ہزار 509 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 63 ہزار 510 کورونا مریض اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت سے اب تک شفا یاب ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 22 لاکھ 58 ہزار 925 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 1 لاکھ 54 ہزار 388 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 15 لاکھ 28 ہزار 585 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 57 ہزار 133 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 5 لاکھ 75 ہزار 952 مریض اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس بیماری سے نجات پا کر اسپتالوں سے اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

تازہ ترین