سندھ حکومت نے کورونا وائرس از خود نوٹس کیس میں رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے صرف 144 وینٹی لیٹرز ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے میں 383 ورکنگ وینٹی لیٹرز ہیں، 144 وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں کے لیے مختص کردیے ہیں۔
سندھ حکومت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں کورونا کے 21 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، صوبہ میں 16 ہزار 920 لوگوں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا، کراچی کی 11 یونین کونسلز کو کورونا مریضوں کی تعداد 86 سے بڑھ کر 234 ہونے پر سیل کیا گیا، 11 یونین کونسلز کی آبادی 6 لاکھ 74 ہزار سے زیادہ ہے، یہاں 1210 کورونا ٹیسٹ میں سے 194 مثبت آئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ کراچی کی 11 یونین کونسلز میں 6 ہزار 673 راشن بیگ تقسیم کیے، صوبہ سندھ میں وضع کردہ طریقہ کار کے تحت 2 لاکھ 85 ہزار راشن بیگ تقسیم کیے گئے، سندھ بھر میں 1056 آئسولیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔